پیپلزپارٹی نے بلوچستان میں بی این پی، پی ٹی آئی اور ن لیگ کی وکٹیں گرا دیں

سابق وزیرسرفراز ڈومکی، نصیب اللہ مری، ولی خان اچکزئی، علاؤالدین کاکڑ سمیت دیگر کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان، آصف زرداری کا خیرمقدم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 30 نومبر 2023 20:18

پیپلزپارٹی نے بلوچستان میں بی این پی، پی ٹی آئی اور ن لیگ کی وکٹیں گرا ..
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر 2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے بلوچستان میں بی این پی، پی ٹی آئی اور ن لیگ کی اہم سیاسی وکٹیں گرا دیں، مختلف سیاسی شخصیات نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ اعلامیہ پی پی پی کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدرآصف علی زرداری جناح ٹاؤن کوئٹہ میں ملک شاہ ہاؤس گئے، جہاں پر سابق وزیر سرفراز ڈومکی نے ملاقات کی، آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد بلوچستان حکومت کے سابق وزیر سرفراز ڈومکی پی پی پی میں شامل ہوگئے۔

اسی طرح آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد سابق رکن بلوچستان اسمبلی سرفراز ڈومکی کے ہمراہ نصیب اللہ مری، میر حربیار ڈومکی، لیاقت لہڑی، ولی خان اچکزئی، علاؤالدین کاکڑ ودیگر نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری کے ہمراہ نواب ثنااللہ زہری، عبدالقادر بلوچ، سربلند جوگیزئی، عارف حسنی، عمر گورگیج، ظہور بلیدی، نور احمد بنگلزئی، ندیم خان، ملک شاہ گورگیج، علی مدد جتک،  غلام رسول عمرانی، بلال مندوخیل و دیگر بھی موجود تھے۔

سابق صدر آصف زرداری نے بلوچستان عوامی پارٹی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن سے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والے سیاسی رہنماؤں کو خوش آمدید کہا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں پارٹی کے یوم یوسیس کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول نےاپنی شناخت بنالی ہے، ہم نے اس کی تربیت کرنی ہے اور کل کا لیڈر بنانا ہے، بلاول پاکستان کے کم عمر ترین وزیراعظم بنیں گے، قوم کو لیڈ کرنے والے کو پیچھے کھینچنے والی بہت سی قوتیں ہوتی ہیں، ہمیں ان قوتوں سے ڈر نہیں بلکہ عوام سے امید ہے، بلاول پاکستان کے کم عمر ترین وزیراعظم بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور پاکستان کے دل کو جیتنا بہت ضروری ہے لیکن اس دھرتی پر دکھ اور غم پھیلا ہوا ہے، ہمیں ان کے دکھوں پر مرہم رکھنا ہے، ہم سب نے مل کر پاکستان کوعظیم ملک بنانا ہے، پاکستان دنیا کے نقشے پر عظیم ملک بن کر ابھرے گا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نےآپ کو آپ کی دھرتی کا مالک بنایا، اب ہم نے بلوچستان کےعوام کے پاس پانی پہنچانا ہے، ہم نے ہمیشہ کسانوں اور مزدوروں کی خدمت کی ہے، بلاول نے اپنی شناخت بنا لی ہے، ہم نے اس کی سپورٹ اور تربیت کرنی ہے، ہم نے بلاول کو یوتھ اور آنے والے کل کا لیڈر بنانا ہے، ہمیں جو آتا ہے وہ اس کو سکھانا ہے۔