کراچی، ڈاکوؤں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کو لوٹ لیا

حکومتی دعوؤں کے باوجود کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں کمی نہیں آسکی، تازہ واردات میں سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدرحسین ڈاکوؤں کا نشانہ بن گئے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعہ 1 دسمبر 2023 00:03

کراچی، ڈاکوؤں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کو لوٹ لیا
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2023ء ) کراچی میں پولیس ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی۔ ڈاکوؤں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کو لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی دعوؤں کے باوجود کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں کمی نہیں آسکی، تازہ واردات میں سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدرحسین ڈاکوؤں کا نشانہ بن گئے۔

سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدرحسین نے بتایا کہ دو موٹر سائیکل سوار ڈاکو تھے جنہوں نے اسلحہ دکھا کر مجھ سے موبائل فون لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ جان کا صدقہ تھا چلا گیا۔ سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن کو جوہر آباد تھانے کی حدود سے لوٹا گیا، ڈاکو ان سے موبائل فون چھین کر با آسانی فرار ہوگئے۔ ادھر کراچی میں پولیس اہلکاروں کے چوری کی ایک اور واردات میں ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ٹیپو سلطان میں آئل سے بھری گاڑی چھیننے میں پولیس اہلکار ملوث نکلے، دونوں اہلکاروں کو گارڈن ہیڈکواٹر سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ کانسٹیبل خالد اور کانسٹیبل غالب نے 23 نومبر کو واردات کی تھی، گرفتار اہلکاروں سے مزید تفتیش جاری ہے۔ 19 نومبر کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن 5 نمبر میں گھر میں ڈکیتی کی بڑی واردات رونما ہوئی تھی جس میں ملزمان 2 کروڑ روپے، 70 سے 80 تولہ سونا اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

متاثرہ شہری عامر بیگ کے مطابق ملزمان پولیس یونیفارم اور سادہ لباس میں گھر میں داخل ہوئے اور تمام افراد کو یرغمال بنا کر تقریباً دو گھنٹے تک لوٹ مار کرتے رہے۔ اس کے اگلے ہی دن اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی میں ملوث ضلع ساؤتھ کے متعدد پولیس اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ متاثرہ اہل خانہ کو پولیس حکام نے ڈی آئی جی ویسٹ آفس میں طلب کیا جہاں انہیں لوٹی گئی رقم اور سونا واپس کیا گیا۔ پولیس اہلکاروں کے ڈکیتی میں ملوث ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ویسٹ کو 24 گھنٹے میں تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔