الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کر دی

الیکشن کمیشن کی جانب سے 266 قومی اور 593 صوبائی نشستوں کی حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعہ 1 دسمبر 2023 00:24

الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کر دی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2023ء ) الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے 266 قومی اور 593 صوبائی نشستوں کی حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستیں ہوں گی، یوں قومی اسمبلی کا ایوان 326 ارکان پر مشتمل ہوگا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حتمی حلقہ بندیوں کے مطابق اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی 3 جنرل نشستیں ہوں گی جبکہ پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141 اور صوبائی اسمبلی کی 297 جنرل نشستیں ہوں گی۔ پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی 32 مخصوص نشستیں، سندھ سے 14، خیبرپختونخوا سے 10 اور بلوچستان سے خواتین کی 4 مخصوص نشستیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

سندھ میں قومی اسمبلی کی 61 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 130 جنرل نشستیں ہوں گی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی اسمبلی کی 115 جنرل نشستیں ہوں گی۔ بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 جنرل نشستیں ہوں گی۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں کے 593 حلقے ہوں گے۔