آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام ترکی و ایران میں اردو پر سیشن کا انعقاد

ہفتہ 2 دسمبر 2023 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2023ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام چار روزہ سولہویں عالمی اردوکانفرنس 2023کے تیسرے روز ترکی و ایران میں اردو پر سیشن کا انعقاد کیاگیا۔ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شرکا میں وفا یزداں، احمد شہریار اور تحسین فراقی شامل تھے جبکہ نظامت کے فرائض عظمی الکریم نے انجام دئیے، سیشن میں ایران اور ترکی میں اردو زبان کی اہمیت پر بات کی گئی ۔

وفا یزداں نے کہاکہ ایران میں اردو کی اہمیت روز بروز بڑھتی جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اردو میں فارسی کا بڑا سرمایہ ہے، اردو کی پہلے مثنوی ایرانی شاعر کی ہی ہے۔ بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فارسی ضرور سیکھیں اور اردو کی طرح اس سے عشق کریں تو آپ کو کوئی مشکل نہیں ہوگی۔تحسین فراقی نے کہاکہ اردو اور فارسی ایک زبان کے دو رخ ہیں،دونوں زبانوں کا رسم الخط ایک جیسا ہے اور اسی لیے ایران میں اردو بولنی سکھائی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال اپنی فارسی شاعری کی وجہ سے وہاں بے حد مقبول ہیں اور کافی عرصے تک وہاں کے طالب علم علامہ کو فارسی شاعر سمجھتے رہے۔