انا پرست مرد سب سے بڑا ماحولیاتی مسئلہ ہیں، وہ خود کو بدلنے کیلئے تیار نہیں ، دیا مرزا

ہفتہ 2 دسمبر 2023 19:40

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2023ء) بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے کہا ہے کہ انا پرست مرد سب سے بڑا ماحولیاتی مسئلہ ہیں، وہ خود کو بدلنے کیلئے تیار ہی نہیں۔غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں دیا مرزا نے کہا کہ ماحولیات کو بہتر بنانے کیلئے رہنمائوں کو پہلے خود کو بدلنا ہوگا، انہیں عملی طور پر یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ بھی تبدیلی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگ سالوں تک پرانے کپڑے پہننے کو ترجیح دیتے تھے لیکن اب ہر بار نئی چیزیں استعمال کرنے کا رجحان بڑھ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عملی طور پر ثابت کرنے کیلئے اپنے بیٹے کی سالگرہ پر پرانی سالگرہ کی تمام چیزیں استعمال کروں گی ، سجاوٹ کیلئے کوئی نئی چیز نہیں منگوائوں گی۔انہوں نے کہا کہ آج کل انا پرست مرد ہی سب سے بڑا ماحولیاتی مسئلہ ہیں جو اس وقت ملٹی نیشنل کمپنیوں میں بیٹھ کر ایسے فیصلے کر رہے ہیں جو انسانوں کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آلودگی پھیلانے والوں کو بخوبی علم ہے کہ ان کے فیصلے کتنے نقصان دہ ہیں لیکن اس باوجود وہ خود کو بدلنے کیلئے تیار نہیں اور ایسے ہی انا پرست سب سے بڑا ماحولیاتی مسئلہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بالی ووڈ میں ایک خاص عمر کے بعد اداکاراوں کو کردار ہی نہیں دیئے جاتے تھے جبکہ مرد اداکار عمر رسیدہ ہونے کے باجود ہیرو کے طور پر آتے تھے لیکن اب چیزیں تبدیل ہو رہی ہیں۔

انہوں نے دھک دھک نامی فلم کی مثال دی، جس میں ان سمیت چار ادھیڑ عمر خواتین کی کہانی دکھائی گئی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ایسی فلمیں بنانے کیلئے بالی ووڈ کو 110 سال جب کہ مجھے کیریئر کے 23 سال گزارنے پڑے۔انہوں نے کہا کہ مجھے پورے کیریئر میں ہر وقت صنفی تعصب کا سامنا رہا، چھوٹے قد کی وجہ سے ٹوکا جاتا رہا۔انہوں نے کہا کہ شوبز سمیت ہر شعبے میں صنفی مساوات ہونی چاہئے، ہر جگہ برابری ہونی چاہئے، اس لئے میں نے اپنی شادی پر مرد پنڈتوں کی بجائے خواتین پنڈتاوں کی خدمات حاصل کی تھیں۔

متعلقہ عنوان :