سندھ میں گیس بحران، ایس ایس جی سی نے نیا پلان جاری کردیا

منگل 5 دسمبر 2023 17:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2023ء) سندھ میں گیس کے بحران کے پیش نظر ایس ایس جی سی نے نیا پلان جاری کردیاہے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے سندھ کے تمام کیپٹو پاور کو گیس سپلائی 4 ماہ کے لیے بند کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق کہ انڈسٹریز کے بجلی بنانے کے یونٹس کو فروری کے آخر تک گیس سپلائی معطل کرنے کا منصوبہ ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس جی سی ترجمان نے بتایا کہ وزارت توانائی نے موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس دینے کی ہدایت کررکھی ہے۔ترجمان نے کہاکہ موسم سرما میں بلوچستان سے گیس طلب میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے، سندھ کے تمام نجی بجلی گھروں کو گیس فراہمی چار ماہ کے لیے بند کرنے کا پلان ہے۔ایس ایس جی سی ترجمان کے مطابق مالی سال 2022-23 میں گیس 847 ایم ایم سی ایف ڈی سپلائی کی گئی تھی، رواں مالی سال گیس کم ہوکر 730 ایم ایم سی ایف ڈی تک رہنے کی توقع ہے۔ترجمان نے کہاکہ گیس کی کمی پوری کرنے کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت لوڈشیڈنگ ہوگی۔