فلسطین میں موت کا رقص آخر کب تک جاری رہے گا: قاری اعظم حسین

فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام پر پوری انسانیت شرمسار ہے، اقوام متحدہ نے دہرا معیار اپنا رکھا ہے

منگل 5 دسمبر 2023 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2023ء) جمعیت علما اسلام( س) کے مرکزی سالار وامیرلاہور مولانا قاری اعظم حسین نے کہا ہے کہ فلسطین میں موت کا رقص آخر کب تک جاری رہے گا، امریکہ عالم اسلام کی تقسیم چاہتا ہے، فلسطین کو یہودیوں سے بچانے کیلئے عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا،فلسطینی مسلمانوں کے قتل عام پر پوری انسانیت شرمسار ہے، اقوام متحدہ نے دہرا معیار اپنا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی سیز فائر ختم ہونے کے بعد گزشتہ دو روز میں غزہ کو قبرستان میں تبدیل کردیا گیا،معصوم بچوں کی تڑپتی لاشوں کے باعث انسانیت لرز اٹھی ۔ انہوں نے کہاکہ فلسطین امت مسلمہ کے جسم کا حصہ ہے۔غزہ کے مسلمان طویل عرصہ سے قبلہ اول کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، امریکہ، یورپ، انسانی حقوق کی نام نہاد تنظیمیں اور عالمی ادارے مسلمانوں اور اسلام کے خلاف تعصب کا شکار ہیں، اقوام متحدہ سمیت کوئی ادارہ مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے کے لئے تیار نہیں۔