اسرائیل کا غزہ پرحملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جی سی سی

بدھ 6 دسمبر 2023 15:31

اسرائیل کا غزہ پرحملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جی سی سی
دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2023ء) خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)کے رہنمائوں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی مذمت کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دوحہ میں منعقد ہونے والے جی سی سی کے 44 ویں سربراہ کانفرنس کے احتتام پر جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا جی سی سی ممالک غزہ میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

جی سی سی کے ممبر ممالک کے سربراہوں کی کانفرنس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان شریک ہوئے۔اس کانفرنس میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے بھی خصوصی دعوت پر شرکت کی۔اعلامیے کے مطابق چھ ملکی کونسل کے اراکین نے اسرائیل کی غزہ میں جاری فوجی کارروائی کی مذمت کی جس کی وجہ سے نہ صرف عام شہری بے گھر ہوئے بلکہ سویلین انفراسٹرکچر بشمول رہائشی عمارتیں، سکول، ہسپتال اور عبادت گاہیں تباہ ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل کے اقدمات نہ صرف عالمی قوانین بلکہ عالمی انسانی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں۔جی سی سی کونسل کے اراکین کی جانب سے اسرائیل کی فلسطینی عوام کے خلاف کھلی جارحیت پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔اعلامیے میں غزہ میں جاری جنگ کے پھیلنے کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غزہ کے رہائشیوں کے مسائل کو حل کیا جائے۔

دوحہ میں منعقد کانفرنس میں سربراہوں نے خطے کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی نہ کی گئی تو پورے خطے پر اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔دوحہ اعلامیے میں سعودی عرب میں منعقد ہونے والی عرب اور اسلامی سربراہ کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے اور اس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔اعلامیہ میں امریکہ اور مصر کی شراکت داری سے قطر کی کوششوں کو سراہا گیا جس کے نتیجے میں انسانی بنیادوں پر غزہ میں جنگ بندی کی گئی تھی۔

اعلامیے میں غزہ میں فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر جنگ بندی کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔کانفرس میں فلسطینی عوام کی مدد جاری رکھنے اور غزہ کے رہائشیوں کی مشکلات اور مصائب کو کم کرنے کا عزم کیا گیا۔جی سی سی کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام ممبر ممالک نے اسرائیلی جنگی مشین کی جانب سے تباہ کردہ غزہ کی تعمیر نو میں مدد کرنے پر اتفاق کیا۔خلیج تعاون کونسل نے عالمی برداری پر زور دیا کہ وہ مداخلت کرکے غزہ میں جنگ بند کرائے اور عام شہریوں کی حفاظت یقینی بنائے۔کانفرنس سے خطاب میں صدر ایردوآن نے کہا کہ ترکی اور جی سی سی ممالک کے درمیان 23 بلین ڈالر کی تجارت ہوتی ہے۔