Live Updates

چیئر مین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنی آڈیو کال ریکارڈ اور لیک کرنے کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

بدھ 6 دسمبر 2023 18:20

چیئر مین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنی آڈیو کال ریکارڈ اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2023ء) چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے وکیل لطیف کھوسہ کے ساتھ آڈیو کال ریکارڈ اور لیک کرنے کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہنوں کے درمیان اختلافات سے متعلق مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ اور بشریٰ بی بی کی سامنے آنے والی مبینہ آڈیو میں دونوں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں سے اپنے اختلافات کا کھل کر اظہار کر رہے تھے۔

بعد ازاں عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے اپنی اور بشریٰ بی بی کی سامنے آنے والی آڈیو کی تصدیق کر دی تھی۔ذرائع کے مطابق اب بشریٰ بی بی نے وکیل لطیف کھوسہ کے ساتھ آڈیو کال ریکارڈ اور لیک کرنے کے خلاف عدالت میں درخواست جمع کروادی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی سابق وزیراعظم کی اہلیہ اور لطیف کھوسہ ان کے وکیل ہیں،دونوں کی آڈیو کال کو ریکارڈ کر کے پبلک کیا گیا اور پھر میڈیا پر توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سیکرٹری وزیراعظم، دفاع، داخلہ اور چیئرمین پی ٹی اے کہہ چکے کہ کسی بھی ایجنسی کو خفیہ ریکارڈنگ کی اجازت نہیں، ایک وکیل اور موکل کی درمیان کی گفتگو کو پبلک کرنے سے قانونی نظام درہم برہم ہو جائے گا۔درخواست میں کہا گیا کہ عدالت اداروں اور ایجنسیوں کو فون کال ریکارڈ کرنے اور پبلک کرنے سے روکے اور اداروں اور ایجنسیوں کو تمام جاسوسی آلات کو ہٹانے کے احکامات جاری کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات