صحت کے شعبے کی اصلاح کے لیے مضبوط سیاسی عزم کی ضروری ہے، وزیر جان

جمعہ 8 دسمبر 2023 01:00

اسلام آباد، 7 دسمبر (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے ملک میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مضبوط سیاسی عزم کی ضرورت پر زور دیا ہے۔جمعرات کو ایک نجی نیوز چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ سیاسی جماعتوں کو صحت کی اصلاحات کے ایجنڈے کو اپنے انتخابی منشور میں سرفہرست رکھنا چاہیے اور عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی معیاری خدمات اور سستی کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔

وزیر جان نے کہا کہ صحت اور تعلیم ترقی کے بنیادی ستون ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ماضی میں دونوں شعبوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ایک اور بڑاچیلنج ہے جس کا ملک کو سامنا ہے جو 25 کروڑ سے سے تجاوز کر گئی ہے اور اس آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے وسائل بہت کم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک افغانستان کی وجہ سے پولیو اب بھی ماحولیاتی نمونوں میں موجود ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے مختصر عرصے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صحت میں اصلاحات کا ایجنڈا لایا۔ انہوں نے وضاحت کی ہم دو اہم ستونوں پر کام کر رہے ہیں جن میں ایک گڈ گورننس، اور دوسرا شفاف اور قابل کنٹرول طریقے سے وسائل کی مساوی تقسیم کو یقینی بنا کر خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے ۔انہوں نے زور دیا کہ صحت کے دیگر متعلقہ محکموں جیسے پاکستان میڈیکل ڈینٹل کونسل، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان اور پاکستان نرسنگ کونسل میں بھی اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔