پولیس نے حلیم عادل شیخ کو مزید چار مقدمات میں نامزد کردیا

چار تھانوں کے تفتیشی افسران نے حلیم عادل شیخ سے تحقیقات کے لیے اے ٹی سی سے اجازت طلب کرلی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 8 دسمبر 2023 15:04

پولیس نے حلیم عادل شیخ کو مزید چار مقدمات میں نامزد کردیا
کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2023ء ) پولیس نے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو مزید چار مقدمات میں نامزد کردیا ۔تفصیلات کے مطابق سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ پولیس نے حلیم عادل شیخ کو مزید چار مقدمات میں نامزد کردیا۔ چار تھانوں کے تفتیشی افسران نے حلیم عادل شیخ سے تحقیقات کے لیے اے ٹی سی سے اجازت طلب کرلی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ سے تھانہ شارع فیصل، عزیز بھٹی، سچل اور سولجر بازار میں درج مقدمات کی تحقیقات کرنی ہے۔ حلیم عادل شیخ جلاو گھیراؤ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، کار سرکار میں مداخلت اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں، حلیم عادل شیخ سے سینٹرل جیل میں تحقیقات کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے پولیس کی درخواست پر حلیم عادل شیخ کو نوٹس جاری کردیے۔

حلیم عادل شیخ مبینہ ٹاون کی حدود میں پولیس موبائل نذر آتش کرنے کے الزام میں جیل میں ہیں۔قبل ازیں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نگران وزیر اعلی سندھ ، چیف سیکریٹری سندھ، اور آئی جی سندھ کو پیغام دیا ہے کہ قانون ، انصاف، آئین، اور عدلیہ کی بالادستی کے لئے ضروری ہے کہ سندھ پولیس و دیگر اداروں کو سیاسی انتقام اور پی ٹی آئی مخالفت میں آئین میں دیئے گئے اختیارات سے تجاوز نہ کریں۔

حلیم عادل شیخ نے کہاکہ ہم نے خود کو قانون کے حوالے کیا ہوا ہے اس لئے ہمارے خلاف کسی بھی غیر قانونی اقدام کو روکنے کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ 30 اگست کو میری تمام تر مقدمات میں پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لی ہوئی تھی اور سندھ ہائی کورٹ کیواضح فیصلے کے باوجود مجھے سندھ ہائی کورٹ کے دروازے سے غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا اور مزید جھوٹے مقدمات بنا دیئے گئے۔