سید سلیم شاہ کے عوامی اقدامات سے پارٹی ویژن کو تقویت ملی ہے ،ممتاز عباسی

جمعہ 8 دسمبر 2023 23:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2023ء) سید سلیم شاہ کے عوامی اقدامات سے پارٹی ویژن کو تقویت ملی ہے ، آمدہ انتخابات میں پیپلز پارٹی نمایاں کامیابیوں سے ہمکنار ہو گی ، ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی کونسل منظور ممتاز عباسی ، شاکر عباسی و دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس سے قبل جب اقتدار میں آئی اس وقت ہم کارکن تھے ہم نے دیکھا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ہر ممکن اقدامات کئے ، پیپلز پارٹی کی سیاسی تربیت ہی عوام سے مضبوط رابطہ ہے ، یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکن آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ و منشور پر کاربند و قائم ہیں ، انہوں نے کہا کہ سید سلیم شاہ جو کہ پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن اور فی الوقت ہزارہ میں پارٹی کارکنان اور عوام میں ہر دلعزیز و مقبول سیاسی لیڈر ہیں ان کی جانب سے عوامی سطح پر کئے جانے والے اقدامات انہیں دیگر سیاستدانوں سے ممتاز بناتے ہیں ، سید سلیم شاہ کی سیاسی تربیت کا ہی ثمر ہے کہ سید جعفر شاہ نے بھی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پسماندہ علاقہ سرکل بکوٹ و بوئی کا انتخاب کر کے اس کی محرومیوں کو دور کرنے کا عزم کیا ہوا ہے اور جس کے لئے اپنے تئیں خاطر خواہ اقدامات بھی کئے ہیں ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں آسانی اور سہولت کے لئے سید سلیم شاہ کی جانب سے انفارمیشن ڈیسک کے قیام سے خواتین کو انتہائی اور سہل اور با وقار طریقے سے بلا تفریق سیاسی وابستگی امدادی رقوم مل رہی ہیں جبکہ اس سے قبل اس پروگرام کو صرف سیاسی مقاصد اور اپنوں کو نوازنے کے لئے استعمال کیا جاتا تھا ، منظور ممتاز عباسی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا ویژن عوام کا معیار زندگی بلند کرنا ہے جس کے لئے چیئر مین بلاول بھٹو کی قیادت اور ہزارہ میں سید سلیم شاہ کی سر براہی میں سرگرم عمل رہیں گے