اورنگی ٹاون کی عوام منافق سیاست دانوں کے چہرے پہچان چکی ہے، حاجی جمیل ضیاء

جمعہ 8 دسمبر 2023 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی پی ایس 95کے صدر و ٹاون چیئرمین اورنگی حاجی جمیل ضیا نے کہا ہے کہ اورنگی کی عوام منافق سیاستدانوں کے چہرے پہچان چکے ہیں،اورنگی کی عوام جھوٹے وعدوں اور باتوں میں وقت گزارنے والوں کے ساتھ نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنے والوں کے ساتھ ہیں اورنگی کی عوام کادکھ دردمجھ سے زیادہ کوئی اورنہیں جان سکتا، اورنگی کی عوام کے لیے صبح شام خدمت میں مصروف ہوں، اورنگی ٹاون کی تعمیر وترقی میری مقصد حیات ہے جب تک زندہ ہوں اورنگی ٹاون کو ایک مثالی ٹاون بنانے کے لیئے جدوجہد جاری رکھوں گا، ان خیالات کااظہارا نہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، حاجی جمیل ضیا نے کہا کہ اورنگی ٹاون میں سیوریج نظام ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی مرمت، تعلیمی اداروں کی تعمیرنو سمیت دیگر مختلف شعبوں کی بہتری اور مسائل کے حل کے لیئے دن رات کام کر رہا ہوں، پانی کی سپلائی اورنگی ٹاون کا ایک اہم ترین اور دیرینہ مسئلہ تھا جس کو الحمد اللہ کافی حد تک بہتر کردیا ہے ،جلد اورنگی ٹاون میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ مکمل طورپر ختم ہوجائیگا، اورنگی ٹاون نے پیپلز پارٹی کے جیالوں کو اپنی خدمت کے لیئے چنا ہے ہم اپنے عمل، کام ، محنت اور لگن سے یہاں کے لوگوں کی چوائس کود رست ثابت کر کہ رہیں گے اورنگی ٹاون میرا گھر ہے اوریہاں کے لوگوں نے مجھے جس قدر محنت دی ہے اس کو کبھی بھلا نہیں سکوں گا، انہو ں نے کہا کہ اورنگی ٹاون ایک بڑی آبادی والا علاقہ ہے جہاں آبادی زیادہ ہوتی ہے وہاں مسائل بھی زیادہ ہوتے ہیں ، ماضی میں سیاسی جماعتوں اور حکومتوںنے اورنگی ٹاون کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے یہاں پر چھوٹے چھوٹے مسائل نے بھی گھمبیر صورتحال اختیار کر لی ہے، انہو ں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور انداز میں کامیابی حاصل کریگی اور کراچی کی تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کراچی کی خوشحالی اور تعمیر کے لیئے نہایت سنجید ہ ہیں کراچی کے لوگ عام انتخابات میں عوامی خدمت کرنے والوں کو کامیاب بنائیں کیونکہ یہ ان کے بہتر مستقبل کا معاملہ ہے ، ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں کو کراچی کے لوگ مسترد کردیں گے اب صرف عوامی خدمت کرنے والوں کو ہی ووٹ ملے گا اور پیپلز پارٹی نے جتنی کراچی کی خدمت کی ہے کسی اور سیاسی جماعت نے نہیں کی ۔