سابق وفاقی وزیر تعلیم سید منیر حسین گیلانی کی سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف سے ملاقات

جمعہ 8 دسمبر 2023 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر تعلیم سید منیر حسین گیلانی نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف سے ملاقات کی ۔پیپلز پارٹی پنجاب کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اورپیپلز پارٹی کی جدوجہد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ راجہ پرویزاشرف نے سابق وفاقی وزیر کی سیاسی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ منیر گیلانی اصولی سیاست کرنے والے سیاستدانوں میں شامل ہیں جنہوں نے آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے عوام کی بے لوث خدمت کی اور جمہوری قدروں کو پروان چڑھایا،ملاقات میں منیر گیلانی نے انتخابات میں سیاسی قوتوں کے درمیان تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم خیال قوتوں کا اتفاق جمہوری نظام کی مضبوطی کا باعث ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا معتدل مذہبی جماعتیں پیپلز پارٹی کی فتح میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بجائے اتحاد کرنا چاہیے تاکہ پورے ملک میں ایک نشان اورایک منشورپر الیکشن لڑا جاسکے۔سابق وفاقی وزیر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنی یادداشتوں پر مشتمل خود نوشت سیاسی بیداری بھی پیش کی جسے راجہ پرویز اشرف نے سراہا اورکہا کہ منیر گیلانی جس بھی جماعت میں رہے ، ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفہ سے اپنی وابستگی نہیں چھوڑی۔