لاہور اور کراچی دنیا کے آلودہ شہروں میں ایک بار پھر سرفہرست

اسموگ سے نزلہ، زکام، بخار، گلے میں انفیکشن کی شکایات میں اضافہ

ہفتہ 9 دسمبر 2023 13:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2023ء) لاہور اور کراچی دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں ایک بار پھر پہلے اور دوسرے نمبر پر آ گئے۔ائرکوالٹی انڈیکس کے مطابق ہفتہ کے روز بھی پاکستان کے دو صوبائی دارالحکومت لاہور اور کراچی آلودہ ترین فضاء کی فہرست میں سب سے اوپر رہے ۔لاہور کی فضاں میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 284 ریکارڈ کی گئی جب کہ کراچی 231 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دنیا کے آلودہ شہروں میں دوسرے نمبر پر رہا ۔

(جاری ہے)

فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کا سانس لینا بھی محال ہو چکا ہے۔اسموگ کے باعث شہریوں میں نزلہ، زکام، بخار اور گلے میں انفیکشن کی شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے۔سموگ کے پیش نظر طبی ماہرین نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور مشورہ دیا ہے کہ شہری اسموگ سے بچائو کے لیے گھر سے ماسک لگا کر باہر نکلیں۔دوسری جانب بنگلادیشی دارالحکومت ڈھاکا 201 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 187 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا ۔واضح رہے کہ 150تا 200آلودہ،200تا 300آلودہ ترین جب کہ 300سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہرکرتاہے۔