اسرائیل اوراس کے اتحادی انسانیت کے دشمن ہیں،متحدہ علما کونسل

اسرائیل کو معاشی لحاظ کمزور کرنے کے لئے اسکی مصنوعات کا ہر سطح پر بائیکاٹ کیا جائے ْفلسطین میں انسانیت سوز مظالم کیخلاف صرف زبانی نہیں عملی طور پر ہنگامی اقدامات کرنا ہونگے

ہفتہ 9 دسمبر 2023 15:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2023ء) متحدہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی صدر مولانا زاہد الراشدی،سیکرٹری جنرل سردار محمد خان لغاری ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،مولانا محمد راغب حسین نعیمی ،مولاناعبدالغفار روپڑی و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل اوراس کے اتحادی انسانیت کے دشمن ہیں،اسرائیل کو معاشی لحاظ کمزور کرنے کے لئے اس کی مصنوعات کا ہر سطح پر بائیکاٹ کیا جائے،فلسطین میں انسانیت سوز مظالم کیخلاف صرف زبانی نہیں عملی طور پر ہنگامی اقدامات کرنا ہونگے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ مسلمان تو ایک جسم کی مانند ہوا کرتے تھے کسی بھی ملک میں کوئی مظلوم ہوتا تو دوسرے ملک والے مسلمان اس کی مدد کے لیے پہنچ جاتے تھے لیکن آج مسلم امہ کو مختلف فرقوں اور قوموں میں تقسیم کر دیاگیا ہے اس کے باوجود پوری دنیا میں مسلم اور غیر مسلم سب مل کر فلسطین پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز لگا رہے ہیں لیکن نام نہاد اقوام متحدہ میں بیٹھے ہوئے تماشائی سوائے تماشا دیکھنے کے کچھ نہیں کررہے۔ مسلمانوں کو اپنے حقوق کے لیے خود ہی کوئی فورم بنانا ہو گا تا کہ سب انصاف اور آزادی کے ساتھ رہ سکیں۔