پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہیں، پرویز خٹک

اتوار 10 دسمبر 2023 16:30

پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات جمہوریت کے اصولوں کے خلاف ہیں، پرویز ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2023ء) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات جمہوریت کے اصولوں اور ووٹ کے حق کے خلاف ہیں۔اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو سیاسی چال اور محض کاغذی کارروائی قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انتخابات نے پارٹی میں جمہوریت کی کمی کو واضح کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے سامنے کسی کو برداشت نہیں کیا اور ان کی سیاسی ہٹ دھرمی اور غیر معقول فیصلوں کی وجہ سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین کا خیال تھا کہ وہ ملک کو نہیں چلنے دیں گے، وہ ملک میں سیاسی افراتفری پھیلانا چاہتے تھے۔