جی ڈی اے نے پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی بنالی

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے پارلیمانی بورڈ کا اعلان کر دیا‘ پیر پگارا چیئرمین منتخب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 دسمبر 2023 17:06

جی ڈی اے نے پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی بنالی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 دسمبر 2023ء ) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ’جی ڈی اے‘ نے پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی بنالی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں پیپلزپارٹی کو الیکشن میں ٹف ٹائم دینے کے سلسلے میں پی پی مخالف اتحاد جی ڈی اے نے پارلیمانی بورڈ کا اعلان کر دیا ہے، جی ڈی اے کے بورڈ چیئرمین پیرپگارا جب کہ سیکرٹری صفدرعباسی اور سیکرٹری اطلاعات سردار عبد الرحیم ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ قومی وصوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئیں، پارلیمانی بورڈ جی ڈی اے کے 13 سرکردہ رہنماؤں پر مشتمل ہوگا، جی ڈی اے انتخابی نشان ’ستارہ‘ پرالیکشن میں حصہ لینے کے خواہش مند اپنی درخواستیں صفدر عباسی کے نام فنکشنل لیگ ہاؤس کلفٹن میں جمع کرائیں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سردار عبد الرحیم نے کہا ہے کہ جی ڈی اے الیکشن 2024ء میں بھرپور حصہ لے گی اور عوام کی حمایت سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر حکومت بنائے گی۔

ادھر صوبہ سندھ میں جی ڈی اے نے پی ٹی آئی کی ایک اور وکٹ گرادی ہے، پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی نے جی ڈی اے میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے، سابق وفاقی وزیر لیاقت جتوئی کا کہنا ہے کہ آئندہ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ پر حصہ نہیں لوں گا، پیر پگاڑا اور ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سے رابطے میں ہوں، سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم سے دیرینہ تعلقات ہیں۔

اس سے پہلے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ارباب غلام رحیم بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں، انہوں نے بھی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے پلیٹ فارم سے آئندہ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں پیر پگارا کے ساتھ ہوں اور مل کر الیکشن لڑیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہے جب کہ بشیر میمن سندھ میں مسلم لیگ ن کے لیے کام کر رہے ہیں۔