پنجاب میں آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس ایپ کا افتتاح

شہری گھر بیٹھے آن لائن لرننگ لائسنس کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 دسمبر 2023 11:49

پنجاب میں آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس ایپ کا افتتاح
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 دسمبر 2023ء ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس ایپ کا افتتاح کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلی آفس میں آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس ایپ کی افتتاحی تقریب ہوئی، تقریب میں صوبائی وزیراطلاعات عامرمیر، آئی جی پنجاب عثمان انور نے شرکت کی جب کہ تقریب میں چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ پٹرولنگ پوسٹس، خدمت مراکز اور تھانوں پر لرننگ لائسنس کی سہولت دے رہے ہیں، شہری گھر بیٹھے آن لائن لرننگ لائسنس کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، تھانوں کے فرنٹ ڈیسک پرلرنر لائسنس کی سہولت کا آغاز بھی کردیا۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا ہے کہ پنجاب کے عوام اپنے لرنر ڈرائیونگ لائسنس تمام تھانوں کے فرنٹ ڈیسک سے بھی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اب گھر بیٹھے آن لائن بھی بنوا سکیں گے، یہ سہولت دینے کا فیصلہ لائسنس بنوانے کے رجحان میں کئی گنا اضافے کے بعد عوام کی سہولت کے لئے کیا گیا ہے، پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹرولنگ پوسٹ اور خدمت مراکز کے ساتھ ساتھ پولیس سٹیشنز، آن لائن اور ایپ کے ذریعے شہریوں کو لرنر لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے، اب سے ڈرائیونگ لرنر، ریگولر ڈرائیونگ لائسنس، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس اور رینیول آف لائسنس کا حصول انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے، پنجاب پولیس پی آئی ٹی بی سے مل کر نیا آن لائن سسٹم ڈاٹ نیٹ متعارف کرا رہی ہے، جس کی مدد سے اب شہری گھر بیٹھے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس سمیت دیگر سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اوور لوڈ کی وجہ سے لائسنس اجرا سسٹم میں تعطل اور خرابی کے خدشات کو دور کر دیا گیا ہے، لبرٹی خدمت مرکز پر شام 06 بجے سے 50 سال سے زائد العمر شہریوں کو میڈیکل ویریفکیشن کی سہولت بھی مہیا کر دی جائے گی، خدمت مرکز لبرٹی گلبرگ میں لرنر لائسنس بنوانے کے لئے آنے والے شہریوں کے لئے علیحدہ سروس بھی شروع کر دی گئی ہے، خدمت مرکز گارڈن ٹاؤن میں لرنر لائسنس بنوانے والوں کے لئے کیومیٹک سروس کا آغاز ہوچکا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ لبرٹی اور گارڈن ٹاؤن کے خدمت مراکز پر شہریوں کو اب ویریفکیشن کے لئے انتظار نہیں کرنا پڑے گا، نئے سسٹم کے تحت لرنر لائسنس کی تجدید کا آغاز پیر کی رات 08 بجے سے ہو گا، نئے سسٹم کے تحت ریگولر لائسنس کے لئے اپوائٹمنٹ 14 دسمبر جب کہ ریگولر اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے لئے 17 دسمبر سے ملے گی، نئے سسٹم کے تحت انٹرنیشنل لائسنس کے لئے 19 دسمبر اور نئے ریگولر لائسنس بنوانے کے لئے 25 دسمبر سے اپوائنمنٹ ملے گی، پولیس خدمت ایپ کے ذریعے شہریوں کو لرنر کی سہولت 11 دسمبر کی شام سے فراہم کر دی جائے گی۔