کشمیر کے عوام کا آزادی اور استصواب رائے کا حق نہیں چھینا جا سکتا‘مریم نواز

پیر 11 دسمبر 2023 16:50

کشمیر کے عوام کا آزادی اور استصواب رائے کا حق نہیں چھینا جا سکتا‘مریم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر وچیف ارگنائزر مریم نواز شریف نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو ایک اور بھارتی جھوٹ قرار دے دیا ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری عوام، پاکستان اور دنیا بھارتی فریب کو مسترد کرتے ہیں ، بھارتی سپریم کورٹ نے تاریخی جرم کیا، بھارت سو ناٹک کرے، جموں و کشمیر کشمیریوں کا ہے کشمیریوں کا ہی رہے گا ۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ بھارت کے کشمیریوں کو غلام بنانے کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں ، تنازعہ جموں و کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قانون کا اطلاق ہوتا ہے ، کشمیر کے عوام کا آزادی اور استصواب رائے کا حق نہیں چھینا جا سکتا۔جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ مسئلہ ہے کوئی بھی بھارتی ہتھکنڈا اس مسلمہ عالمی تنازع کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے اپنے بیان میں کہا کہ بھاتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر بارے فیصلہ کر کے انصاف کا خون کیا ہے ، مقبوضہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے مابین تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس پر بھارتی فوج نے دہائیوں سے قبضہ غاصبانہ کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کا تعین کرنے کی مجاز ہی نہیں ، بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ بین الاقوامی قوانین ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی توہین ہے ، کشمیریوں کی بھارت سے نفرت اور پاکستان سے محبت تاریخی ہے ، مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کا تعین کشمیری استصواب رائے کے ذریعے ہی کریں گے۔