پنجاب حکومت نے خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا حکم واپس لے لیا، کوئٹہ پولیس نے گرفتاری ڈال دی

پیر 11 دسمبر 2023 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2023ء) پنجاب حکومت نے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا حکم واپس لے لیا تاہم لاہور کی جیل سے کوئٹہ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں خدیجہ شاہ کی نظربندی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جہاں پنجاب حکومت نے خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا حکم واپس لے لیا، اس حوالے سے سرکاری وکیل تحریری حکم عدالت میں پیش کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ خدیجہ شاہ کے شوہر جہانزیب امین نے نظر بندی کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے، گزشتہ سماعت پر عدالت نے نظربندی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا، وکیل درخواستگزار نے استدعا کی کہ خدیجہ شاہ کوعدالت طلب کرنے کی ہدایت کی جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے نظر بندی کا حکم واپس لیے جانے کے بعد خدیجہ شاہ کو لاہور کی جیل سے کوئٹہ پولیس نے گرفتار کرلیا، جس کے بعد عدالت نے خدیجہ شاہ کا 2 دن کا راہداری ریمانڈ بھی منظور کر لیا، عدالت کی جانب سے حکم دیا گیا ہے کہ ریمانڈ پورا ہونے پر خدیجہ شاہ کو متعلقہ عدالت مین پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

ادھر سوشل میڈیا ایکٹوسٹ خدیجہ شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام پر بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، 9 مئی کے واقعات کے بعد سے جیل میں قید خدیجہ شاہ کے بینک اکاونٹ میں مشکوک ٹرانزیکشن سامنے آئی جس کی بنا پر قومی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت انکوئری کا اغازکر دیا۔ ذرائع ایف آئی اے کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے بینک اکاونٹ کی تفصیلات کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکموں کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں، تمام ریکارڈ آنے کے بعد خدیجہ شاہ سے پوچھ گچھ شروع کی جائے گی، اس معاملے پر خدیجہ شاہ سے جیل میں انویسٹی گیشن کی جائیگی جہاں ان سے بینک اکاونٹ سے ہونے والی بیرون ملک ٹرانزیکشن کے حوالے بھی سوالات ہوں گے۔