�روری کے انتخابات میں عوام کے امتحان کا دن ہے،محمد حسین محنتی

عوام، قومی مفاد کی خاطر مخلص ودیانتدار قیادت کا انتخاب کریں،امیر جماعت اسلامی سندھ

منگل 12 دسمبر 2023 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2023ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ08فروری کے انتخابات میں عوام کے امتحان کا دن ہے، وہ مقروض ملک وغلام قیادت یا خوشحال پاکستان، خوددار قیادت اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں،کرپٹ ونااہل قیادت کی وجہ سے آج پاکستان پر بیرونی قرضہ124ارب ڈالر اور عوام غربت وافلاس اور مہنگائی سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں جبکہ ہرشہری ڈھائی لاکھ کا مقروض ،جماعت اسلامی ملک میں نظام وقیادت کی تبدیلی کیلئے جدوجہد کررہی ہے تاکہ ملک ترقی اور عوام کے دکھوں کا مداوا ہوسکے، عوام08فروری کے انتخابات میں قومی مفاد کی خاطر مخلص ودیانتدار قیادت کا انتخاب کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں جماعت اسلامی کے تحت مقامی ہال میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ،ضلعی امیر قاری ابوزبیر جکھرو اور مقامی امیر رمیز راجہ شیخ نے بھی خطاب کیا۔ورکرز کنونشن میں ہر سطح کے ذمہ داران،کارکنان اور برادر تنظیمات کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کیلئے غلام حیدر کورائی اور صوبائی اسمبلی کیلئے ایڈووکیٹ نادر علی کھوسہ اور علی گل چانڈیو کے بطور نامزد امیدوار کا اعلان بھی کیا گیا۔

صوبائی امیر نے مزید کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے لیے مقررہ تاریخ کو آگے بڑھانے کی باتیں عدلیہ ودستورکی توہین ہوگی۔الیکشن میں تاخیر جمہوریت،ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی 15سال سندھ میں اقتدار میں رہی مگر اس نے سندھ میں ترقی وعوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے کرپشن ولوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا،حتیٰ کہ وہ لاڑکانہ اور نواب شاہ کو بھی ٹھیک نہیں کرسکے۔ آج ہر طرف ظلم کا نظام ہے، انصاف بکتا ہے جبکہ پولیس اور عدلیہ ملک کے کرپٹ ترین اداروں میں شامل ہیں۔ اس لیے 8 فروری کے انتخابات عوام کا امتحان ہے کہ وہ کھرے اور کھوٹے میں فرق کرکے ملک کو بحرانوں سے نکالے۔کارکنان انتخابات کی تیاریاں اوررابطہ مہم شروع کردیں ۔