Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت ہوتی تو اسرائیل آج تسلیم ہو چکا ہوتا ،مولانا عبید الرحمن

مولانا فضل الرحمن کی جدوجہد کے نتیجے میں عمران اپنے ایجنڈے کے مطابق اسرائیل کو تسلیم کر سکا نہ اپنی ناجائز حکومت کو بچاسکا ، رہنماء جے یو آئی خیبرپختونخوا

منگل 12 دسمبر 2023 19:45

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2023ء) جے یو آئی کے مرکزی رہنما و حلقہ این اے 45 کے امیدوار مولانا عبید الرحمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ہوتی تو اسرائیل آج تسلیم ہو چکا ہوتا قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی جدوجہد کے نتیجے میں عمران خان اپنے ایجنڈے کے مطابق نہ اسرائیل کو تسلیم کر سکا اور نہ ہی اپنی ناجائز حکومت کو بچاسکا آج وہ جیل میں اپنے زخموں کو چاٹ رہا ہے اور بڑے بڑے دعوے کرنے والے اسکے عہدیدار اپنے کارکنان کو بے یارو مدد گار چھوڑ کر بلوں میں چھپے ہوئے ہیں وہ خروٹی ہائوس ظفر آبادکالونی میں یو سی لچھرا یونٹ کی عاملہ و شوری کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے اجلاس کی صدارت یونٹ کے امیر مفتی بشیر نے کی جبکہ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے امیدوار صوبائی اسمبلی سٹی ون کفیل احمدنظامی ،جمعیت کے رہنمائوں احمدخان کامرانی، میزبان لعل محمد خروٹی،قاری اعجاز احمدفاروقی ، ڈاکٹر یعقوب ، لالہ امین جانی، خلیفہ محمد طییب، عالمگیر خان، قاری عزیز الرحمن،گوہر لغاری سمیت عاملہ واراکین شوریٰ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مولانا عبیدالرحمن نے کہاکہ عمرانی حکومت نے معیشت تباہ کر دی تھی اگر پی ڈی ایم حکومت نہ سنبھالتی تو ملک دیوالیہ ہوجاتا اور آئی ایم ایف آپ کے ساتھ معاہدہ بھی نہ کرتا۔2018میں جب عمران خان کی حکومت کو مسلط کیا گیا تو اس وقت پٹرول 65 روپے لٹر اور ڈالر 102 روپے کا تھا عوام خود سوچے کہ مہنگائی کا ذمہ دار کون ہے انہوں نے کہا کہ معیشت مظبوط نہ ہو تو ایٹم بم کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوتا ۔

16 ماہ کی حکومت میں ہم ایک ایک ارب ڈالر کو ترس رہے تھے یہ جو تھوڑا بہت آپکو استحکام نظر آرہا ہے یہ ہماری 16 ماہ کی حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ہمیں بھی حکومتوں کی آفر ہوئی تھی لیکن ہم نے عمرانڈو حکومت کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا تھا انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ جماعتی یونٹوں کو اہمیت دینگے انشااللہ آئندہ ہماری حکومت اس صوبہ میں آئیگی اور عوام کے مسائل خودبخود حل ہونگے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے ضلعی نائب امیر احمد خان کامرانی نے کہا کہ جمیعت ظفر آباد کی سب سے بڑی سیاسی قوت پہلے بھی تھی اور آج بھی ہے ہمارا کارکن دوسری جماعتوں کے کارکنوں پر بھاری ہے اس علاقے کے تمام بڑے منصوبے سوئی گیس۔سڑکیںگلیاں نکاسی آب ۔بجلی۔ہائی سکول گرلزوبوائز مڈل و پرائمری سکولز پینے کا پانی وغیرہ جے یو آئی کی ہی مرہون منت ہیں لیکن ہماری سیاست اسلامی نظریات کے گرد گھومتی ہے مفادات کے گرد نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے حلقہ این اے 45 کا امیدوار قومی اسمبلی عظیم شخصیت قادیانیوں کو کافر قرار دلوانے والا مفتی محمود (رح)کا فرزند مولانا عبیدالرحمن ہے اس کو اللہ کے فضل سے کامیاب کرانا ہر کارکن کا فرض ہے اورہر کارکن اس کیلئے آج سے محنت شروع کر دے۔اجلاس سے یونٹ کے جنرل سیکرٹری لعل محمد خروٹی ، جے یو آئی کے امیدوار صوبائی اسمبلی سٹی ون کفیل احمد نظامی اور خلیفہ محمد طییب نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات