سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کا غم آج بھی دلوں میں تازہ ہے،جان اچکزئی

پاکستان 70ہزار سے زائد جانوں کے ضیاع ،150بلین ڈالر کے معاشی دھچکے کے باوجود دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے ،نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان

ہفتہ 16 دسمبر 2023 19:21

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2023ء) نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے،پاکستان 70ہزار سے زائد جانوں کے ضیاع اور 150بلین ڈالر کے معاشی دھچکے کے باوجود دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے ،دہشتگردوں کی پشت پناہی افغانستان کو لے ڈوبے گی ،ٹانگ اور کرک واقعات میں ملوث دہشتگرد کا بھائی افغان طالبان کا کمانڈر ہے،آرمی چیف کے دورہ امریکہ سے معیشت مزید مضبوط اور تعلقات بہتر ہونگے، نگراں حکومت بلو چستان الیکشن شیڈول کا خیر مقدم کر تے ہوئے ہر قسم کی معاونیت کو یقینی بنائے گی ۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ 16دسمبر 2014کوسانحہ آرمی پبلک اسکول میں 150کے قریب اساتذہ اور بچوں کو شہید کیا گیا جہاں ٹی ٹی پی نے 150افرادکو دہشتگردی کا نشانہ بنایا وہیں اس دن سے لیکر آج تک ہمارے دلوں میں سانحہ اے پی ایس کے شہداء غم تازہ ہے اور اس گھنائو فعل کے جواب میں سول اور عسکری قیادت نے ملکر نیشنل الیکشن پلان ترتیب دیا جس کے نتیجے میں ضرب عضب اور ردالفساد کے بعد دہشتگردی کا صفایا ہواجس کا مقصددہشتگردوں کا خاتمہ کر ناتھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے دہشتگردی کی وجہ سے 70ہزار سے زائد جانوں کے ضیاع اور 150بلین ڈالر کے معاشی دھچکے کے باوجود پاکستان اس لعنت کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے کچھ عرصہ پر امن رہنے کے بعد بدقسمتی سے ٹی ٹی پی ایک مر تبہ پھر ابھر کر سامنے آئی ہے اورنئے چیلنجز پیش کئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلاء اور اسکے نتیجے میں افغان طالبان قبضے کے بعد پاکستان میں سیکورٹی کے خدشات بڑھ گئے ہیں ،نگراں حکومت نے ٹی ٹی پی کے حملوں کا جواب دیتے ہوئے ملکی سلامتی اور معیشت کو متاثرکر نے والے غیر قانونی غیر ملکیوں کو نکال رہی ہے ، افغانستان میں دہشتگردی کے مراکز مستقل خطر ہ ہے ہم نے بار بار مطالبہ کیا ہے کہ دہشتگردوں کو ہمارے حوالے کیا جائے اگر ایسی طرح دہشتگردوں کی پشت پناہی افغانستان کو لے ڈوبے گی ۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدء کی برسی کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کر تے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت بلو چستان الیکشن شیڈول کا خیر مقدم کر تی ہے نگراں حکومت الیکشن کے لئے ہر قسم کی معاونت کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی بھی غیر ملکی نے بھی الیکشن کمپئین نے بھی حصہ لیا تو جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش بھی کی تو اسکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ 1لاکھ 70ہزارکے قریب جعلی شناختی کارڈ بلاک کئے جا چکے ہیں ، نگراں وزیر اعظم کی جانب سے پیٹرو لیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو عام آدمی تک پہنچانے کے لئے حکومت اقدامات اٹھائے گی ، وفا قی حکومت کی کاوششوں اور آرمی چیف کے وژن سے معیشت مستحکم اور ڈالر کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کو کنٹرول کر نے کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف بورڈ نے 700ملین ڈالر جا ری کر نے کا وعدہ کیا ہے ،آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورہ امریکہ کامیاب ہوگاآرمی چیف کے دورہ امریکہ سے معیشت مزید مظبوط اور تعلقات بہتر ہونگے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ٹانگ اور کرک واقعہ میں ملوث دہشتگرد کا بھائی افغان طالبان کا کمانڈر ہے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کا ثبوت افغان حکام کو فراہم کر چکے ہیں لیکن افغانستان آج بھی ڈبل گیم کھیل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر گردش کر نے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔