عام انتخابات کے لئے جاری شیڈول کے پہلے مرحلے میں کاغذات نامزدگی کے اجرا اور وصولی کا آغاز

بدھ 20 دسمبر 2023 18:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 دسمبر2023ء) الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کے لئے جاری شیڈول کے پہلے مرحلے میں کاغذات نامزدگی کے اجرا اور وصولی کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت گزشتہ روز سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور سابق صوبائی پارلیمانی سیکریٹری چوہدری سرفراز افضل سمیت مجموعی طور پر 100 کے قریب امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کر لئے جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے راولپنڈی کے 2/2 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، مسلم لیگ ن کے رہنما انجینئر قمر الاسلام، نعیم اعجاز اور اجمل صابر سمیت 21 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے این اے 56 سے عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کے علاوہ جموں کشمیر عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر سردار اعجاز سدوزئی، این اے 57 سے شیخ رشید ، راشد شفیق اور عوامی تحریک کے مخدوم نیاز انقلابی نے کاغذات نامزدگی وصول کر لئے جبکہ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے نے دونوں حلقوں سے کاغذات جمع بھی کرادئیے اسی طرح صوبائی حلقہ پی پی 12 سے عوامی تحریک کے ضلعی آرگنائزر سردار نسیم انجم، پی پی 13 سے مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق صوبائی پارلیمانی سیکریٹری چوہدری سرفراز افضل، عوامی تحریک کے مرزا آصف فادری اور پرویز مغل سمیت 60 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے جبکہ پی پی 15 سے عوامی تحریک کے حاجی ظہیر الزماں، پی پی 16 سے پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے صدر غلام علی خان، پی پی 18 سے عرفان مجید، اور پی پی 19 سے شیخ راشد شفیق نے کاغذات نامزدگی وصول کئے حلقہ این اے 56 اور 57 سے شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی ان کے بھتیجے راشد شفیق نے جمع کروائے ریٹرننگ افسران نے دونوں امیدواروں کو سکروٹنی کیلئے 24 دسمبر کو پیش ہونے کی ہدایت کردی انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کے اجرا اور وصولی کا سلسلہ 22 دسمبر تک جاری رہے گا جس کے بعد امیدواروں کی عبوری فہرست 23 دسمبر کو جاری کی جائے گی جبکہ 24 سے 30 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی 3 جنوری کو کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے پر اپیلوں کی سماعت ہوگی جبکہ 10 جنوری 2024 کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا جس کے بعد 11 جنوری کو امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائے گی اور 12 جنوری تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جا سکیں گے 13جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے اور عام انتخابات کے لئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔