تاجر شہزاد کے قتل کی ذمہ داری گینگ وار کمانڈر وصی اللہ لاکھو نے قبول کر لی

مقتول شہزاد کے ملازم راحیل کو دبئی کے نمبر سے بھتے کی کالیں موصول ہوئی تھیں، قتل کی واردات کے 20 منٹ بعد بھی ملازم کو کال موصول ہوئی

جمعرات 21 دسمبر 2023 17:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 دسمبر2023ء) شہر قائد کے علاقے کمہار واڑا میں تاجر شہزاد جعفرانی کے قتل کی ذمہ داری گینگ وار کمانڈر وصی اللہ لاکھو نے قبول کر لی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں قتل ہونے والے تاجر شہزاد کے قتل کی ذمہ داری گینگ وار کمانڈر وصی اللہ لاکھو نے قبول کر لی، ملزم نے خود ملازم کو فون کر کے قتل کا اعتراف کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول شہزاد کے ملازم راحیل کو دبئی کے نمبر سے بھتے کی کالیں موصول ہوئی تھیں، قتل کی واردات کے 20 منٹ بعد بھی ملازم کو کال موصول ہوئی، کالر نے کہا میں وصی اللہ لاکھو بول رہا ہوں قتل میں نے کیا ہے۔پولیس کے مطابق وصی اللہ لاکھو بدنام زمانہ گینگسٹر ہے، وہ کراچی آپریشن کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا تھا، وصی اللہ لاکھو کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کو جائے واردات سے نائن ایم ایم پستول کے 2 خول ملے ہیں، جنھیں فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں استعمال ہونے والے شوٹر مقامی تھے، پولیس ان شوٹرز تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔گزشتہ ماہ بھی وصی اللہ لاکھو کے اسی نمبر سے تاجر کو بھتے کی کال ملی تھی، جب کہ نیپئر پولیس نے اس گروہ کے 2 کارندوں کو گرفتار کیا تھا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال بھتے کی رقم کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ملی ہیں۔