خیبر پختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، عبد الواسع

یہاں سستی بجلی پیدا ہوتی ہے لیکن ہم پر مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہے،رہنماء جے آئی

بدھ 27 دسمبر 2023 23:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 دسمبر2023ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل اور امیدوار پی کے 61 عبدالواسع نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا وسائل سے مالا مال ہے،یہاں سستی بجلی پیدا ہوتی ہے لیکن ہمیں مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہے، 18 گھنٹوں سے زائد کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں،ملک میں غیر یقینی کی صورتحال ہے،پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے،عوام مہنگائی، بدامنی، لاقانونیت، ڈاکوں، چوریوں اور دہشت گردی سے متاثر ہیں، بلوچستان کے لوگ اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے لانگ مارچ کررہے ہیں، ان حالات میں ملک میں انتخابات ہونے جارہے ہیں،پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں، یہ سب ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے ہیں،ان کو عوام کی محرومیوں اور تکالیف سے کوئی سروکار نہیں،یہ سب اپنے اکاؤنٹس بھرنے کے لیے اقتدار میں آتے ہیں،جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی، سیاسی اور جمہوری جماعت ہے،جماعت اسلامی کے لوگوں کے نام پانامہ یا وکی لیکس میں شامل نہیں،اقتدار ملا تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔

(جاری ہے)

08 فروری کو جیت ترازو کی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے تخت بھائی پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پی کے 61کے نائب کے امیر حبیب رسول اور نائب امیر پی کے 60ارشد اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عبدالواسع نے کہا کہ صوبہ بے شمار وسائل کے باوجود تعلیم، روزگار، ترقی اور صحت کی سہولیات کے لحاظ سے بہت پیچھے ہے۔

یہاں صاف پانی کا شدید مسئلہ ہے۔ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کے موقع دستیاب نہیں۔ اوپر سے مہنگائی نے رہی سہی کسر نکال دی ہے۔ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور لوڈ شیڈنگ نے بھی عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔ ان سب مسائل کا واحد حل جماعت اسلامی ہے۔ انھوں نے عوام پر زور دیا کہ آزمائے ہوؤں کو دوبارہ موقع دینا عقلمندی کے خلاف ہے۔

جماعت اسلامی نے ہر ہر موقع پر قوم کی خدمت کی ہے۔ سیلاب ہو یا زلزلہ یا پھر کوئی اور آفت، جماعت اسلامی قوم کی خدمت کے لیے آگے آگے رہی ہے۔ عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں گے تو ملک کے مسائل بھی حل کرکے دکھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ عوام 08 فروری کو گھروں سے نکلیں اور ترازو پر مہر لگائیں کیونکہ جماعت اسلامی کے پاس امانتدار اور دیانتدار قیادت موجود ہے۔