مراد سعید کے کاغذات نامزدگی مسترد

تحریک انصاف کے متعدد دیگر اہم رہنماوں کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کر دیے گئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 29 دسمبر 2023 20:13

مراد سعید کے کاغذات نامزدگی مسترد
سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 دسمبر2023ء) مراد سعید کے کاغذات نامزدگی مسترد ، تحریک انصاف کے متعدد دیگر اہم رہنماوں کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید سمیت کئی سابق ایم این اے اور ایم پی اے کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔ مراد سعید نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جنہیں آج آر او نے مسترد کردیا ہے۔

تاہم فی الحال کاغذات نامزدگی مستردکیے جانے کی وجوہات جاری نہیں کی گئیں۔ مراد سعید این اے 4 سے 2018ء کے عام انتخابات میں ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور وزارت مواصلات کے وزیر مقرر ہوئے تھے۔ اسی طرح تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے میاں شرافت علی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے، مختلف مقدمات کی وجہ سے میاں شرافت علی کے کاغذات مسترد ہوئے، انہوں ںے پی کے تھری کے لیے کاغذات جمع کرائے تھے، وہ اس حلقہ پر 2018ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے سابق ایم این اے سلیم الرحمان کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے، مختلف مقدمات کی وجہ سے کاغذات کو مسترد کیا گیا، انہوں ںے این اے 3 کے لیے کاغذات جمع کرائے تھے۔ سلیم الرحمان حلقہ این اے ٹو پر 2018ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔ پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے، ڈاکٹر امجد نے پی کے 8 کے لیے کاغذات جمع کرائے تھے، ڈاکٹر امجد اس حلقے سے 2018ء کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔

یہاں واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف ملک کے تمام حلقوں میں سب سے زیادہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے والی جماعت ہے۔ تاہم پی ٹی آئی کو خدشہ ہے کہ اس کے بیشتر مرکزی رہنماوں کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کر دیا جائے گا۔ تحریک انصاف کی جانب سے اس معاملے پر سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔