پاکستان سے بھی زیادہ لاہور میں کام کرنے کی ضرورت ہے

تاثر دیا گیا کہ لاہور میں دودھ اور شہد کی نہریں بہتی ہیں، 30سالوں سے جو حکومت میں ہیں ان کی بنائی سونے کی سڑکوں پر گھوما ہوں، مگر افسوس عوام کی بجائے اشرافیہ کی نمائندگی کی گئی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 6 جنوری 2024 18:59

پاکستان سے بھی زیادہ لاہور میں کام کرنے کی ضرورت ہے
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جنوری 2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سے زیادہ لاہور میں کام کرنے کی ضرورت ہے، تاثر دیا گیاکہ لاہور میں دودھ اور شہد کی نہریں بہتی ہیں، 30سالوں سے جو حکومت میں ہیں ان کی بنی سونے کی سڑکوں پر گھوما ہوں، مگر افسوس عوام کی بجائے اشرافیہ کی نمائندگی کی گئی،شہبازشریف لاہور ہمارے این ایف سی ایوارڈ کی وجہ سے اتنا کام کرسکے۔

انہو ں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کافی دنوں سے لاہور میں گھوم رہے ہیں،ہمیں لاہور سے متعلق تاثر دیا جارہا ہے کہ لاہور میں دودھ اور شہد کی نہریں بہتی ہیں، 30سال سے زیادہ جو حکومت میں رہے ہیں وہ سونے کی سڑکیں بناتے ہیں ، اب میں انہی سڑکوں پر گھوما ہوں، مجھے مقامی لوگوں کے مسائل کے بارے بتایا گیا ہے، جتنا کام لاہور میں کرنے کی ضرورت ہے باقی پاکستان میں ضرورت نہیں ہے، یہاں سارے طبقات کی نمائندگی ہے، لیکن حکومت میں جب آتے ہیں تو اشرافیہ کی نمائندگی کرتے ہیں، عوامی مسائل پر توجہ نہیں دیتے، پیپلزپارٹی برابری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا 10نکاتی ایجنڈا ہمارا منشور ہے، ہم منشور کے تحت عوامی مسائل کا حل نکالیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 8فروری کو عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے، اب سینیٹ، اقوام متحدہ ، اوآئی سی سے قرارداد منظور کرا دیں ، الیکشن 8فروری کو ہی ہوں گے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ پتھر پر لکھا ہوا کہ الیکشن 8فروری کو ہی ہوں گے۔

ہم تو کہتے ہیں کہ قاضی صاحب قدم بڑھائیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، انشاء اللہ الیکشن ہوں گے عوام ووٹ کا حق استعمال کریں گے، عوام اپنی حکومت بنائیں گے۔ پیپلزپارٹی عوام کا فیصلہ قبول کریں گے، عوام پیپلزپارٹی کو چانس دیں ہم لوگوں کے مسائل حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہر الیکشن میں مشکلات کا سامنا کیا ہے، آج کل سیاسی جماعت اعتراض کررہی ہے کہ امیدوار نااہل کئے گئے ہیں، مگر 2013کے الیکشن میں اس سے زیادہ امیدوار نااہل ہوئے ہیں۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ صاف شفاف الیکشن ہوں، ہمارا فوکس لیول پلیئنگ فیلڈ کی بجائے منشور پر ہے۔لاہور میں پیپلزپارٹی کو بنایا گیا، 1986میں بے نظیر بھٹو نے لاہور کو چنا تھا، جب وہ واپس آئیں، پنجاب میں قائد عوام شہید ہوئے، پنجاب میں شہید محترمہ شہید ہوئیں، لاہور کارکنوں نے اپنے آپ کو جلایا جب ذوالفقار بھٹو کو پھانسی دی گئی۔ ماضی میں جنرل حمید گل ، جنرل ضیاء الحق، غیرسیاسی لوگوں نے ہم سیاسی جماعتیں مسلط کیں، اور پیپلزپارٹی کو صوبے سے آؤٹ کرنے کی کوشش کی گئی۔

اسی لئے الیکشن یہاں سے لڑ رہا ہوں، تاکہ بتاسکیں لاہور ہمارا ہے۔ اپنا سیاسی سفر لاہور سے شروع کررہا ہوں۔ شہبازشریف لاہور ہمارے این ایف سی ایوارڈ کی وجہ سے اتنا کام کرسکے، مگر افسوس عوام کی بجائے اشرافیہ کی نمائندگی کی گئی۔