اگر مہنگائی پر بات کرنے کیلئے یہ سلوک ہوتا ہے تو پھرٹھیک ہے

الیکشن ضرور لڑوں گا مہنگائی کا خاتمہ میرا مشن ہے، میں این اے75 سے الیکشن لڑوں گا، میں نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر کسی سے بات نہیں کی۔ن لیگی رہنماء دانیال عزیز کا پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 10 جنوری 2024 23:54

اگر مہنگائی پر بات کرنے کیلئے یہ سلوک ہوتا ہے تو پھرٹھیک ہے
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 جنوری 2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء دانیال عزیز نے کہا ہے کہ میں مہنگائی پر بات کرتا رہوں گا، اگر ان کو نوازنا ہے جو مہنگائی کے ذمہ دار ہیں توایسا ہی سہی، الیکشن ضرور لڑوں گا ۔ جیو نیوز کے مطابق دانیال عزیز نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر مہنگائی پر بات کرنے کیلئے یہ سلوک ہوتا ہے تو ٹھیک ہے، میں مہنگائی پر بات کرتا رہوں گا، اگر ان کو نوازنا ہے جو مہنگائی کے ذمہ دار ہیں توایسا ہی سہی۔

عوام کا بڑا مسئلہ مہنگائی ہے، میں الیکشن لڑوں گا مجھے مہنگائی کو ختم کرکے دکھانا ہے۔ میں این اے 75 سے الیکشن لڑوں گا۔ میں نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی قیادت میں کسی سے بات نہیں کی۔الیکشن ضرور لڑوں گا مہنگائی کا خاتمہ میرا مشن ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے اعلامیہ پی ایم ایل این کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن کیلئے انتخابی ٹکٹوں کا اعلان کردیا ہے، قائد ن لیگ نے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کے بعد ٹکٹوں کی منظوری دی، چیئرمین مرکزی سیل اسحاق ڈار نے ٹکٹیں جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

راولپنڈی ڈویژن میں اٹک، راولپنڈی، چکوال ، تلہ گنگ اور جہلم اضلاع کے قومی و صوبائی اسمبلی کیلئے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔اسی طرح گوجرانوالہ ڈویژن میں گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد ، منڈی بہاؤالدین ، سیالکوٹ ، نارووال، گوجرانوالہ کے اضلاع کے قومی و صوبائی اسمبلی کیلئے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب الیکشن ٹربیونل کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے نوازشریف کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل کا فیصلہ سنا دیا ہے، جسٹس احمد ندیم ارشد نے نوازشریف کے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی کو درست قرار دیا ہے، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے نوازشریف کاغذات کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔

اسی طرح این اے 132 کیلئے شہبازشریف کے بھی کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل خارج کردی گئی ہے، الیکشن ٹربیونل نے شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے ہیں۔