ضلع قصورمیں قومی اسمبلی کے تمام حلقوں میں مسلم لیگ نون اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری

جمعرات 11 جنوری 2024 13:20

پتوکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2024ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 134 سمیت ضلع قصورکی تمام قومی اسمبلی کے حلقوں میں مسلم لیگ نون اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے گئے۔حلقہ قومی اسمبلی 134کے آئی پی پی کے نکئی خاندان کی مسلم لیگ نون سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی امیدیں دم توڑ گئیں ۔جماعت اسلامی کے حاجی محمد رمضان پھر میدان میں آگئے۔

چار خواتین نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ بھائی پھیرو،سرائے مغل اور پتوکی کے علاقوں پر مشتمل حلقہ قومی اسمبلی این اے 134 سمیت ضلع قصور کی تمام قومی اسمبلی کی سیٹوں پر مسلم لیگ نون اور جماعت اسلامی نے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں جبکہ تحریک انصاف،پیپلز پارٹی سمیت باقی تمام سیاسی جماعتیں ابھی گو مگو کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے اس حلقہ سے کل 26 امیدواروں نے کاغزات نامزدگی جمع کروائے جو تمام منظور ہو چکے ہیں۔ آئی پی پی کے نکئی خاندان نے سب سے زیادہ پانچ افراد کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جن میں سردار طالب حسن نکئی،ان کے بیٹے سردار احمد ایاز نکئی،ان کے دوکزن سردار محمد عاطف نکئی، سردار محمد آصف نکئی اوران کے بیٹے سردار محمد آیان نکئی شامل ہیں۔

ضلع قصور کے حلقہ این اے 133 سے رانا محمد اسحاق خاں،حلقہ این اے 132 سے شہباز شریف جبکہ این اے 131سے شیخ وسیم کو مسلم لیگ نون کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر کے صوبائی حلقوں میں بھی پارٹی ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔ جماعت اسلامی نے این اے 131 سے نوجوان رہنما اسداللہ کمبوہ کو پارٹی ٹکٹ جاریا ہے جبکہ ضلع بھر کی تمام صوبائی سیٹوں پر بھی جماعت اسلامی نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔جبکہ تحریک انصاف،جمعیت العلمائے اسلام،پی پی پی،تحریک لبیک،سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے ابھی تک اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری نہیں کئے۔چار خواتین ثروت روبینہ،روبینہ انصاری،سدرہ فیصل،مقبول بی بی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔