ڈی آئی جی ہزارہ کا دورہ لوئر کوہستان اور کولئی پالس ، الیکشن بارے سیکورٹی پلان سمیت دیگر تیاریوں کا جائزہ لیا

پیر 15 جنوری 2024 22:42

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2024ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ محمد اعجاز خان نے دورہ لوئر کوہستان اور کولئی پالس کے موقع پر آمدہ الیکشن سے متعلق سیکورٹی پلان سمیت دیگر امور و تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں ڈی پی او کوہستان لوئر محمد جمیل اختر، ڈی پی او کولئی پالس مختیار احمد، ایس پی انوسٹی گیشن طاہر الرحمن خان، الیکشن کمشنر کوہستان لوئر بشیر احمد، اے سی/اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کوہستان نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی ہزارہ محمد اعجاز خان نے دونوں اضلاع میں محفوظ، صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکورٹی پلان اور دیگر امور و تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور دور دراز پولنگ سٹیشنوں میں سیکورٹی و پولنگ سٹاف کی تعیناتی اور انتخابات کے انعقاد کے منصوبوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او لوئر کوہستان محمد جمیل اختر اور ڈی پی او کولئی پالس کوہستان نے اپنے اپنے ضلع کے الیکشن پلان کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔

ڈی آئی جی ہزارہ نے پولیس افسران و ضلعی انتظامیہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے، متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ الیکشن مٹیریل اور عملہ کو بحفاظت پولنگ سٹیشن پہنچانے اور واپس لانے کیلئے فول پروف سیکورٹی مرتب کریں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو، حساس مقامات کی سیکورٹی کو مزید موثر بنایا جائے، علاقہ میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن منعقد کریں، دور دراز علاقوں میں کمیونیکیشن نظام اور مانیٹرنگ کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا جائے جبکہ الیکشن کمیشن و ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران و جوانوں کیلئے پولنگ ڈے کے حوالہ سے خصوصی ٹریننگ کا انعقاد کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان عرفان اﷲ محسود نے ڈی سی آفس میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 12 کے تمام امیدواروں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر نے عام انتخابات کے دوران تمام سیاسی جماعتوں اور مدمقابل امیدواروں کیلئے ضابطہ اخلاق کے حوالہ سے اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی تاکہ انتخابات کا انعقاد منصفانہ اور شفاف طریقہ سے ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر نے تمام شرکاءکو ہدایت کی کہ وہ عام انتخابات 2024ءکے دوران ضابطہ اخلاق پر صحیح معنوں میں عمل کریں۔