پیپلز پارٹی کے 7امیدواروں کو ریٹرننگ افسران نے آزاد امیدوار قرار دیدیا

سینیٹر تاج حیدرنے امیدواروں کو پارٹی نشان جاری نہ کرنے پر چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا، نوٹس لینے کا مطالبہ

پیر 15 جنوری 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2024ء) پیپلز پارٹی کے 7امیدواروں کو ریٹرننگ افسران نے آزاد امیدوار قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے پنجاب میں 7امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کے باوجود انتخابی نشان تیر الاٹ نہیں کیا گیا جس کے بعد 3قومی اسمبلی اور 4پنجاب اسمبلی کے امیدوار پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان سے محروم ہوگئے۔

امیدواروں کو انتخابی نشان نہ ملنے پر پیپلزپارٹی کے انچارج الیکشن سیل سینیٹر تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو تحفظات پر مبنی خط لکھ دیا۔تاج حیدر نے لکھا ہے کہ پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی جانب سے بروقت پارٹی سرٹیفکیٹ اور ٹکٹ ریٹرننگ افسران کو جمع کروائے گئے لیکن اس کے باوجود ہمارے امیدواروں کو پارٹی کا نشان تیر جاری نہ کرنا تشوشناک ہے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر سے صورتحال کا نوٹس لینے اور آر اوز کو فوری طور پر ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔خط کے مطابق این اے 58 چکوال سے ذوالفقار علی خان، این اے 59 تلاگنگ / چکوال سے حسن سردار اور این اے 122 لاہور سے چوہدری عاطف رفیق کو تیر کا نشان جاری نہیں کیا گیا۔پی پی 20 چکوال سے چوہدری نوشاد خان، پی پی 21 چکوال سے پیپلز پارٹی کے امیدوار راجہ امجد نور اور پی پی 119 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مجاہد اسلام کو انتخابی نشان تیر الاٹ نہیں کیا گیا۔

اس کے علاوہ پی پی 163 لاہور میں محمد فیاض بھٹی کو بھی پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تیر جاری نہیں کیا گیا۔دوسری جانب رہنماء پیپلز پارٹی چوہدری منظور نے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے تھے، ہمارے امیدواروں کو اس کے مطابق نشان الاٹ ہونے چاہئے تھے، امیدوار اپنا سرٹیفکیٹ آر او کے پاس لے کر جاتا ہے تو آر او پابند ہے کہ امیدوار کو سرٹیفکیٹ کے مطابق نشان الاٹ کرے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ امیدواروں کو غیر قانونی طور پر آزاد قرار دے دیا گیا، ہماری 2پارٹیاں ہیں، پاکستاں پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز ہماری دونوں پارٹیوں کا آپس میں الحاق ہے، اس معاہدے کے تحت ہمارے سارے امیدوار تیر کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔چوہدری منظور نے کہا کہ ہم نے سب امیدواروں کو بر وقت پارٹی ٹکٹ سرٹیفکیٹ جاری کئے، بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 7 امیدواروں کو تیر کا نشان دینے سے انکار کیا، ان امیدواروں کو زبردستی آزاد امیدوار ڈکلیئر کر دیا گیا، ہم نے الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے خط لکھا لیکن تاحال جواب نہیں ملا۔

انہوںنے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن سے ان ریٹرننگ آفیسز کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں، اگر یہ کارروائیاں جاری رہیں تو الیکشن فیئر نہیں ہوں گے، الیکشن 2013 اور 2018متنازعہ الیکشن تھے، 2024کے الیکشن کو ہونے سے پہلے ہی متنازعہ کیا جارہا ہے۔