جامعہ حقانیہ میں طلبہ کی دستاربندی

شعبہ درس نظامی ، تخصصات، شعبہ بنات و حفظ میں ڈگریاں مکمل

جمعرات 18 جنوری 2024 22:48

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2024ء) جامعہ دارالعلوم حقانیہ میں تقریب ختم بخاری و دستاربندی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں پاکستان کے کونے کونے سمیت ،افغانستان اوردیگر اسلامی ممالک سے بھی آئے ہوئے افراد نے شرکت کی۔اجتماع میں تقریباً ایک لاکھ افراد نے شرکت کی ،اس سال دارالعلوم حقانیہ سے فارغ التحصیل علمائے کرام کی تعداد پندرہ سو رہی جس میں فارغ التحصیل ہونے والوں میں شعبہ درس نظامی ،شعبہ تخصصات،شعبہ حفظ ،شعبہ بنات سمیت متعدد شعبوں میں ڈگریاں مکمل کرنے والے طلبا شامل تھے، بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس مولانا انوار الحق مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ نے دیا۔

تقریب سے جمعیت علما اسلام (س)کے امیر، دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دینی مدارس سے مسلمانوں کا تشخص اور اسلامی شعور زندہ ہے،اس شعور،خودداری ،جذبہ حریت اور اپنے تہذیب اور مذہب کا دفاع ہی مسلمانوں کا اصل سرمایہ ہے جو ان مدارس کی تعلیم کا مرہون منت ہے۔

(جاری ہے)

مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ مدارس ،مساجداور خانقاہوں کی ہی بدولت آج کے پرفتن دور میں ملک عزیز پاکستان کا پسا ہوا طبقہ بے راہ روی اور گمراہی سے بچا ہوا ہے ورنہ اس معاشی استحصال کے دور میں غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لئے قانون کو بالائے طاق رکھ کر حرام وحلال کی تمیز کئے بغیر معاشرے میں تباہی پھیلانے کا سبب بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مدارس ہی کی بدولت دیندار طبقہ اورنوجوان محب وطن اور ریاست کا وفادار ہے، مولانا حامد الحق حقانی نے مقتدر قوتوں سے اپیل کی کہ وہ آنے والے انتخابات میں ہر قسم کی دھونس دھاندلی کا سد باب کریںورنہ دھونس دھاندلی کے نتیجے میں منتخب ہونے والے نمائندے کرپشن کی بنیاد بنیں گے۔

مولانا حامد الحق نے قوم سے اپیل کی کہ آنے والے انتخابات میں محب وطن ،اسلام پسند،صاف وشفاف کردار کی حامل شخصیات کو ہی ووٹ دیں۔مولانا حامد الحق نے کہاکہ مظلوم فلسطینی مسلمان بے یارومددگار اسرائیلی صہیونی ریاست کے ظلم و جبر کا شکار ہیں جبکہ انسانی حقوق کی علمبردار آوازیں بالکل خاموش ہیں۔مسلم ممالک کے حکمرانوں کی غیرت آخر کب جاگے گی مولانا حامد الحق نے کہاکہ افغانستان اور پاکستان دو ہمسایہ برادر اسلامی ملک ہیں ،دونوں اسلامی ممالک کو آپس میں بہترین برادرانہ تعلقات قائم رکھنے چاہئیں،جامعہ دارالعلوم حقانیہ اور جمعیت علمائے اسلام (س) نے اس ضمن میں ہمیشہ اپنا بھرپور تعاون اورکردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ان شائ اللہ ہر طرح کا تعاون اور بھرپور کردار ادا کرے گی۔

مولانا حامد الحق حقانی نے بانی جامعہ دارالعلوم حقانیہ شیخ الحدیث مولانا عبد الحق اور شہید اسلام مولانا سمیع الحق کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دارالعلوم حقانیہ انکے لئے صدقہ جاریہ ہے۔جامعہ حقانیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مولانا انوار الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا ہے اور اس کے بائیس کروڑ غیور عوام کسی بھی صورت میں اس سرزمین کو سیکولر مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہونے دے گی ۔

مولانا انوا ر الحق نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبائے کرام کو قیمتی نصائح سے نوازا۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس نے اجتماعی دعا کی اور ملک عزیز پاکستان میں امن و استحکام اور خوشحالی ،امت مسلمہ کی وحدت اوراہل اسلام کے لئے خصوصی طورپر دعاؤں کا اہتمام کیا۔ تقریب میں شیخ الحدیث مولانا عبدالحلیم دیربابا،شیخ الحدیث مولانا مغفور اللہ ،شیخ الحدیث مولانا مفتی سیف اللہ حقانی، مولانا راشدالحق ،مولانا عرفان الحق،مولانا سلمان الحق،مولانا لقمان الحق،مولانا سید یوسف شاہ،مولانا بلال الحق ،مولانا اسامہ سمیع،مولانا خذیمہ سمیع کے علاوہ جامعہ کے شیوخ واساتذہ اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔