سیاستدان صرف عوام کو جوابده ہوتا ہے ، سید خورشید شاہ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 18 جنوری 2024 21:10

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2024ء) سابق وفاقی وزیر حلقہ این اے 201 سکھر سے پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سیاستدان عوام کو جوابدہ ہوتا ہے ہم نے کام کیا ہے اس لئے آج عوام کے درمیان موجود ہیں اور عوام کو جوابدہ ہیں پارٹی قیادت نے سابقہ اراکین کو ہی بہتر کارکردگی کی بنیاد پر ٹکٹ جاری کیے ہیں۔

ہم نے سکھر میں صحت و تعلیم کے مثالی ادارے قائم کیے، این آئی سی وی ڈی ، ایس آئی یو ٹی ،اسپتال سے نہ صرف سکھر بلکہ پورے سندھ، پنجاب، بلوچستان کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں اور انہیں مفت علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس طرح سکھر میں معیاری تعلیم کے لیے یونیورسٹیوں اور کالجوں کا جال بچھایا، آئی بی اے یونیورسٹی، بیگم نصرت بھٹو وومن یونیورسٹی، آرٹ اینڈ ڈیزائن کالج، غلام محمد مہر میڈیکل کالج، انجینئرنگ کالج سمیت متعدد تعلیمی ادارے قائم کیے جو ہمارے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں،تاجر برادری نے ہمیشہ سکھر شہر کی تعمیر و ترقی اور مسائل کے حل کیلئے نشاندہی کی ہے، انشاءاللہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ماضی کی طرح آئندہ بھی تاجروں، شہریوں کے مسائل کے حل اور شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے مزید بہتر انداز سے خدمات سرانجام دینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن سے ملاقات اور تاجروں ، سیاسی، سماجی رہنمائوں سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر حلقہ این اے 200 کے امیدوار نعمان اسلام شیخ، پی ایس 25 کے امیدوار سید ناصر حسین شاہ، پی ایس 24 کے امیدوار سید فرخ شاہ نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے سید خورشید احمد شاہ و دیگر کی توجہ سکھر کے بنیادی مسائل پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ٹریفک جام کے عذاب کے مستقل حل، تجارتی مراکز میں صفائی ستھرائی، تاجر برادری کو ٹیکسز سمیت دیگر درپیش مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہوئے ان کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ و دیگر کا مزید کہنا تھا کہ ہم شہریوں کے بنیادی مسائل سے بخوبی واقف ہیں، آج شہر میں سڑکوں کا جال بچھایا دیا گیا ہے،شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے منصوبہ منظور ہوگیا ہے جلد شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ماضی حال سب کے سامنے ہے انشاءاللہ کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں مثالی کامیابی حاصل کر کے تاجروں، شہریوں کے مسائل کا خاتمہ کر کے سکھر کو ایک مثالی شہر بنائینگے۔