پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علماء پاکستان نورانی میں انتخابی اتحاد ہوگیا

آصف علی زرداری سے صاحبزادہ زبیر کی ملاقات ، 8 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیاگیا

ہفتہ 20 جنوری 2024 17:19

حیدرآباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2024ء) جمعیت علما پاکستان نورانی کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی آصف علی زرداری سے ملاقات ، دونوں جماعتوں میں انتخابی ااتحادہو گیا ِ۔پی پی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے صاحبزادہ زبیر نے بلاول ہاوس لاہور میں ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی صورت حال ،عام انتخابات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا،دونوں جماعتوں میں انتخابی اتحاد پر اتفاق ہو گیا۔

جے یو پی نورانی نے با ضابطہ طور پر بتایا ہے کہ صاحبزادہ زبیر اور آصف زرداری کی ملاقات میں پیپلزہارٹی اور جے یو پی(نورانی)نے باضابطہ انتخابی اتحاد اور 8 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیاگیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ پی پی اور جے یو پی میں جس 8 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق ہوا ہے اس میں سیاسی اور سماجی مسائل اور باہمی امور کی انجام دہی کے لیے دو رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ، ایجنڈے میں شامل نکات میں 1973 کے آئین کے مکمل نفاذ اور بالادستی کے لیے کام کرنے ملکی و بین الاقوامی امور پر فیصلے قومی امنگوں کے مطابق کرنے ،پاکستان کو علامہ اقبال اورقائداعظم محمد علی جناح کے افکار و نظریات کے سانچے میں ڈھالنے ، فوری اورسستے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات ، مہنگائی و بے روزگاری کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنے فرقہ واریت کے خاتمے اور مذہبی ہم آہنگی کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی ،مذہبی ،دینی و شرعی امور میں جمعیت علما پاکستان سے مشاورت کئے جانے شامل ہیں باہمی امور کے لیے پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری سید نئیر حسین بخاری اور جے یوپی کے جنرل سیکرٹری سید صفدر شاہ پر مشتمل دو رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا -جو چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کے لیے ورکنگ کمیٹیاں تشکیل دے گی۔

(جاری ہے)

۔ملاقات میں پیپلزپارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن چوہدری منظور احمد بھی موجود تھے۔