پنجاب، انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کیلئے الیکشن کمیشن کی ٹیمیں سرگرم ہوگئیں

جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، بھکر، چینوٹ، فیصل آباد، ننکانہ، قصور، لاہور ،ملتان سے پینا فلیکس ہورڈنگز و دیگر اشتہاری مواد ہٹادیا گیا

ہفتہ 20 جنوری 2024 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2024ء) پنجاب میں انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کیلئے الیکشن کمیشن کی ٹیمیں سرگرم ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی پاسداری اور انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کیلئے الیکشن کمیشن کی ٹیمیں سرگرم ہوگئیں، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لے رہیہیں۔

الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے حکم دیا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمشنر پنجاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران نے این اے 153ملتان میں امیدوار حامد علی بھٹی، این اے 66 وزیرآباد میں احمد چٹھہ اور پی پی 133 ننکانہ میں نوشیر مان کو وال چاکنگ پر نوٹس جاری کیے ہیں۔این اے 75 نارووال میں دانیال عزیز کو دیواروں پر پوسٹر لگانے اور ننکانہ صاحب میں انتخابی امیدواروں کو پینا فلیکس اور بل بورڈز لگانے پر وارننگ جاری کی گئی ہے۔جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، بھکر، چینوٹ، فیصل آباد، ننکانہ، قصور، لاہور اور ملتان سے بھی پینا فلیکس ہورڈنگز اور دیگر اشتہاری مواد ہٹادیا گیا۔