بدترین سیاستدان سے جان چھوٹنے والی، آج ثابت ہوگیا تبدیلی آنے والی ہے، فاروق ستار

سندھ میں تبدیلی آنے والی ہے، آج نکاح ہوا ہے 8 فروری کو ولیمہ کھائیں گے،سینئرڈپٹی کنوینرایم کیوایم پاکستان پاکستان میں کوئی ایسا صوبہ نہیں جہاں دیہی اور شہری کی تفریق ہو، صرف سندھ میں یہ تفریق ہے، ایم کیو ایم تمام قومیتوں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے،نسرین جلیل

اتوار 21 جنوری 2024 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2024ء) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے کہاہے کہ بدترین سیاستدان سے جان چھوٹنے والی، آج ثابت ہوگیا سندھ میں تبدیلی آنے والی ہے، آج نکاح ہوا ہے 8 فروری کو ولیمہ کھائیں گے جبکہ نسرین جلیل نے کہاہے کہ ایم کیو ایم تمام قومیتوں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے۔اتوارکو باغ جناح میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ئوے ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے کہا کہ ہم ٹوئنٹی 20 کھیل کر میچ جیت کر فارغ ہوجاتے ہیں، اہلیان کراچی نے سندھ میں ہونے والی سیاسی تبدیلی کا آغاز کر دیا، اب ایم کیوایم شہروں کے ساتھ سندھ کے گوٹھوں میں بھی حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہا آج کا پنڈال لاڑکانہ، نوابشاہ، جیکب آباد، مورو، سکھر کے لوگوں کیلئے اعلان کر رہا ہے کہ بہت جلد بددیانتوں سے سندھ کی جان چھوٹنے والی ہے، سندھ میں ایم کیو ایم پاکستان حکومت بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ظلم اور زیادتی کے نئے ریکارڈ قائم کئے جارہے ہیں، وڈیرے ہماری 5 لاکھ نوکریاں کھا گئے، بجلی اور گیس کا بحران ختم کریں گے، پنجاب میں آج بھی گیس آرہی ہے لیکن کراچی میں نہیں آرہی،انھوں نے کہا کہ ٹیکس دینے والے شہر کو گیس میسر نہیں ہے، مائیں بہنیں پوچھتی ہیں کب تک باہر سے کھانا منگوائیں گے۔

فاروق ستار نے کہاکہ کراچی میں بسنے والی تمام قومیں غلامی اوربے بسی کی زندگی سے عاجز آگئیں۔ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ 8فروری کو پتنگ پرنشان لگانے سے سندھ کے مظلوموں کو حقیقی آزادی ملے گی، آج فتح کا اعلان ہوگیا ہے، انشا اللہ 8 فروری کو ولیمے کی دعوت ہوگی۔انھوں نے کہا کہ بہت جلد کراچی میں سرکلرریلوے چلے گی، سندھ میں 15سال تک ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، بد ترین حکمرانوں سے جان چھوٹنے والی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رہنما سینیٹر نسرین جلیل نے کہا کہ ایم کیو ایم تمام قومیتوں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان غریب اور میوسط طبقے کے لوگوں کی جماعت ہے، ایم کیو ایم نے اپنے نمائندوں کو اس الیکشن کے لئے کھڑا کیا ہے آپ انکو جتوائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 20لاکھ جانوں کی قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی، جب سے پاکستان بنا قربانیاں دیتے آرہے ہیں، کراچی کی اہمیت کو ہمیشہ کم کیا گیا۔

نسرین جلیل نے کہا کہ بھٹو صاحب نے تعلیم اور انڈسٹری کو بریک لگائی،اردو کے نفاز کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، پاکستان میں کوئی ایسا صوبہ نہیں جہاں دیہی اور شہری کی تفریق ہو، صرف سندھ میں یہ تفریق ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے جلسے میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔اس موقع پر پارٹی ترانے بھی چلائے گئے جس پر کارکن جھوم اٹھے۔