دبئی میں 2 نئے جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کروانے کا اعلان

سولر پینل سے بنے پل پر چلنے والے ریل بس اور بنا ڈرائیور آپریٹ ہونے والے ریل فلوک منصوبے کیلئے معاہدے طے پاگئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 جنوری 2024 17:54

دبئی میں 2 نئے جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کروانے کا اعلان
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جنوری 2024ء ) دبئی میں مستقبل کے 2 نئے جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق دبئی انٹرنیشنل پراجیکٹ مینجمنٹ فورم (DIPMF) کے دوران روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے ٹرانسپورٹ سسٹم کی ترقی اور مینوفیکچرنگ میں دو خصوصی کمپنیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں، اس حوالے سے برطانیہ سے تعلق رکھنے والی اربن ماس کمپنی اور امریکہ کی ریل بس انکارپوریشن سے معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت دبئی میں سولر پینل سے بنے ہوئے پل پر چلنے والا اور بنا ڈرائیور آپریٹ ہونے والا الگ الگ منصوبہ تیار کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ معاہدوں کے تحت شہر میں جو 2 نئے ٹرانسپورٹ سسٹم بنائے جائیں گے انہیں ریل فلوک ڈؤو اور ریل بس کا نام دیا گیا ہے، ریل فلوک ڈؤو بنا ڈرائیور کے چلنے والا نظام ہے، جو بجلی سے چلے گا، اس کے ذریعے نقل و حمل کے یونٹوں کی تیز رفتار اور موثر نقل و حرکت کو قابل بنانے کے لیے دوہری پٹریوں کا استعمال کیا جاتا ہے جب کہ ریل بس سیٹ اپ میں سولر پینلز سے لیس پل بنایا جائے گا جس پر خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ بس نما گاڑیاں چلائی جائیں گی، یہ سولر پینلز سے بنا پل ٹرانسپورٹ سسٹم کو چلانے کے لیے شمسی توانائی کا استعمال کرے گا۔

(جاری ہے)

 
معلوم ہوا ہے کہ دونوں مفاہمت ناموں پر دبئی انتظامیہ کی جانب سے ریل ایجنسی اور آر ٹی اے کے سی ای او عبدالمحسن کلبت نے دستخط کیے، اربن ماس کے بانی اور سی ای او رکی سندھو اپنی کمپنی کی طرف سے معاہدوں کی تقریب میں شریک ہوئے جب کہ ریل بس انکارپوریشن کمپنی کے بزنس ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حاتم الطاہر ابراہیم نے دستخط کیے۔

عبدالمحسن کلبت نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان دو مفاہمتوں پر دستخط آر ٹی اے کے اس شعبے میں اہم کمپنیوں اور خصوصی اداروں کے ساتھ رابطے میں شامل ہونے کے سٹریٹجک منصوبوں کا حصہ ہے تاکہ ٹرانسپورٹ کے انتہائی نفیس اور جدید طریقوں کو اپنایا جا سکے، اس مقصد کے لیے آر ٹی اے ٹرانسپورٹ کے نظام میں نت نئی جدتوں کی تلاش میں ہے۔