ایم کیو ایم(پاکستان) کا باغ جناح میں انتخابی جلسہ کا انعقاد

پیر 22 جنوری 2024 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2024ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)نے عام انتخابات 2024 کے حوالے سے باغ جناح میں جلسہ عام کا انعقاد کیا، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمارے جلسے میں شرکت کر کے میگا سٹی کے عوام نے ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ گذشتہ شب انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 8 فروری کے الیکشن میں کراچی، حیدرآباد اور صوبے کے دیگر اضلاع میں مخالفین کو شکست ہوگی کیونکہ عوام بیدار ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے دعوی کیا کہ اتحادی جماعتوں کی حمایت سے نہ صرف شہروں بلکہ دیگر علاقوں میں بھاری اکثریت سے کا میابی حاصل کریں گے ۔ جلسہ میں ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے تمام قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کو اسٹیج پر بلایا اور ان کا عوام سے تعارف کرایا اورعوام سے آئندہ عام انتخابات میں اپنے امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کی سلامتی پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہے جبکہ ملک کی خوشحالی کراچی کی خوشحالی پر منحصر ہے۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ انتخابات 8فروری کو ہونے ہیں لیکن عوام نے 21جنوری کو ایم کیو ایم کے جلسے میں شرکت کرکے فیصلہ دے دیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے خبردار کیا ہے کہ اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو کراچی کے عوام کسی کودھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔ انتخابی جلسے سے نسرین جلیل، انیس قائم خانی، مسلم الائنس کے سربراہ بچو دیوان اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔