شکر گڑھ، 8 فروری کو امن و ترقی استحکام دینے والی قوتوں کا مقابلہ انتشار، فساد برپا کرنے والی قوتوں سے ہے، پروفیسر احسن اقبال

پیر 22 جنوری 2024 22:40

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ 8 فروری کو دو قوتوں کے درمیان مقابلہ ہے ایک قوت پاکستان تحریک انصاف جو فساد، انتشار اور خلفشار کی علامت ہے جبکہ دوسری قوت پاکستان مسلم لیگ ن امن، استحکام اور ترقی کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکرگڑھ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر جمعیت اہلحدیث (شکرگڑھ) نے پاکستان مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال اور امیدوار این اے 76 نارووال اور پی پی 54 ظفروال کا کہنا تھا کہ پاکستان مزید کسی تجربے کا متحمل نہیں ہو سکتا لہذا پاکستان مسلم لیگ ن ہی واحد جماعت ہے جو اس ملک کو ہر طرح کے بحرانوں سے نکال سکتی ہے جس کی زندہ مثال مسلم لیگ ن کا مثالی دور ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کہ پی ٹی آئی فساد، انتشار اور خلفشار کی علامت ہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف امن، استحکام اور ترقی کی علامت ہے ۔ انہوں نے شکرگڑھ کے عوام پر زور دیا کہ وہ 8 فروری کو شیر کے نشان پر مہر لگا کر اس ملک کے مستقبل کو روشن و محفوظ بنائیں۔ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات میں ایک طرف وہ قوت ہے جس نے 9 مئی کو فساد برپا کیا اور دوسری طرف وہ قوت ہے جس نے 28 مئی کو ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ایک ناقابل تسخیر ملک بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کی حرمت سے ریاست قائم ہوتی ہے اور جب ریاست میں اداروں کی حرمت ختم ہو جائے تو ریاست فساد، اور انتشار کا شکار ہو جاتی ہے اور یہی کام پاکستان تحریک انصاف نے کیا اداروں کی حرمت کو پامال کیا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں اس وقت سے جاری ہیں جب مسلم لیگ ن نے تمام تر مخالفت کے باوجود 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا۔

سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن نے شکرگڑھ کے عوام پر زور دیا کہ فروری 8 کا دن انتہائی اہمیت کا دن ہے اور اس دن عوام سوچ سمجھ کر اپنا ووٹ استعمال کریں ۔انہوں نے بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول ابھی اس قابل نہیں ہیں کہ وہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف پر تنقید کریں ابھی بلاول خود انڈر ٹریننگ ہیں اور نیٹ پریکٹس کر رہا ہے جیسا کہ انکے والد آصف علی زرداری نے خود کہا تھا کہ وہ بلاول کی تربیت کر رہے ہیں۔

احسن اقبال نے بلاول کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بلاول لاڑکانہ کا موازنہ نارووال سے کر لیں اگر نارووال بہتر ہوا تو بلاول سیاست چھوڑ دے، اگر لاڑکانہ نارووال سے بہتر ہو وہ تو سیاست چھوڑ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دور میں نارووال میں متعدد ترقیاتی منصوبوں مکمل کیے جن میں یونیورسٹی آف نارووال، یونیورسٹی آف انجینئرنگ، نارووال میڈیکل کالج، ایگریکلچر یونیورسٹی کیمپس نارووال اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔