پیپلز پارٹی کے امیدوار کس کی اجازت سے آر او، پولنگ عملے سے بات کر رہے ہیں،نہال ہاشمی

بدھ 24 جنوری 2024 17:51

پیپلز پارٹی کے امیدوار کس کی اجازت سے آر او، پولنگ عملے سے بات کر رہے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2024ء) مسلم لیگ(ن)کے سینئررہنماسینیٹر نہال ہاشمی نے کہاہے کہ ملیر میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کس کی اجازت سے آر او اور پولنگ عملے سے بات کر رہے ہیں۔این ای229 سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوارقادر بخش کلمتی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ نواز شریف کی مصروفیات ہیں اور سیکیورٹی مسائل بھی ہیں، جیسے ہی ان کا کراچی کا دورہ فائنل ہو گا بتایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف سندھ کو اہمیت دیتے ہیں، نواز شریف نے یہاں سے بے امنی کا خاتمہ کیا موٹر وے اور دیگر منصوبے دیئے، جتنا لاہور نواز شریف کا ہے اتنا ہی کراچی نواز شریف کا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بلدیاتی نمائندوں سے بات کریں گے، بلدیاتی نمائندوں کو لگتا ہے بلدیات میں کرپشن کا راج ہے تو ہماری راہیں جدا ہوسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیدوار این اے 229 قادر بخش کلمتی نے کہا کہ سہولتوں کے فقدان سے پیپلز پارٹی اپنا منشور کھو چکی ہے، اسکولوں کی حالت خستہ ہوچکی اور اسپتالوں میں سہولتوں کا فقدان ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے، پیپلز پارٹی اپنی مرضی کے آر اوز تعینات کر رہی ہے، ہمارے ووٹرز کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، پابندی کے باوجود ملیر میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔