پی ٹی آئی رہنماء خرم شیر زمان کا باغ جناح جلسے سے متعلق کمشنر کراچی کو خط

دیگر جماعتوں کی طرح پی ٹی آئی کو بھی کراچی میں پاور شو کرنے کی اجازت دی جائے، خط متن

جمعہ 26 جنوری 2024 22:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء خرم شیر زمان نے باغ جناح جلسے سے متعلق کمشنر کراچی کو خط لکھا، خط کے متن میں انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں کی طرح پی ٹی آئی کو بھی کراچی میں پاور شو کرنے کی اجازت دی جائے،خرم شیر زمان نے مزید اپنے خط میں کہا کہ حال ہی میں باغ جناح میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جلسہ منعقد کیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے اتوار کو شارع فیصل کے مقام سے شارع قائدین اور باغ جناح تک ریلی نکالنے کا بھی فیصلہ کیا ہے،ریلی کیلئے انتظامیہ کے تعاون اور سیکیورٹی کی ضرورت ہے، آزادانہ انتخابی مہم کیلئے جلسے ریلیوں کا اہتمام ہمارا ڈیموکریٹک حق ہے، کمشنر کراچی اور دیگر حکام سے تعاون کی استدعا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ اذیں پاکستان تحریک انصاف سے آزاد امیدواروں کی جانب سے حلفیہ ویڈیوبیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے،اپنے ویڈیو بیان میں حلقہ این اے 241 سے پی ٹی آئی کے امیدوار خرم شیرزمان نے کہا کہ اللہ کو گواہ بناکر حلف لیتا ہوں بانی پی ٹی آئی اور اپنی نشست سے وفادار رہوں گا، میں اپنے ووٹر کے جذبات پر پورا اتروں گا انہیں ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا، میں کسی دباو اور لالچ میں مبتلا نہیں ہوں گا، بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کے ہر فیصلے پر آخر تک ڈٹا رہوں گا، پی ایس 95 سے امیدوار راجا اظہر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ عوامی ووٹ میرا نہیں بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے، پی ٹی آئی مخالفین ایک مرتبہ پھر منڈیاں لگانے کیلئے تیار ہیں، قرآن مجید اللہ کی آخری اور پاک کتاب ہے اس پاک کتاب کی قسم لیکر حلف دیتا ہوں کے اپنیمینڈیٹ اور پارٹی کا ہمیشہ وفادار رہوں گا،عوام پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کریں،حلقہ این اے 250 سے آزاد امیدوار ریاض حیدر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں حلف لیتا ہوں یہ سیٹ بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے، ہم اپنے لیڈر کے نظریہ پر کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، ہم کسی کے دباؤ میں نہیں بلکہ اپنے لیڈر کے حکم پر فیصلے کریں گے، اس نشست پر آنے والی ہر مشکل کا سامنا کریں گے، نشست چھوڑی جاسکتی ہے مگر بانی پی ٹی آئی کیساتھ دغا نہیں کرسکتے۔