سرکاری جماعت 12مئی دھرانے کی تیاری کررہی ہے،آفاق احمد

ہفتہ 27 جنوری 2024 21:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2024ء) مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے کہا ہے کہ سرکاری جماعت 12مئی دھرانے کی تیاری کررہی ہے، انتخابی مہم کے دوران سرکاری جماعت کے دہشت گردوں کی کھلے عام ہتھیاروں کی نمائش اور مخالفین کے خلاف طاقت کا استعمال پورے انتخابی عمل کو تباہ کرسکتا ہے۔ یہ بات آفاق احمدگزشتہ روز شاہ فیصل کالونی میں مہاجر قومی موومنٹ کے نامزد امیدوارشوکت اللہ فاروقی اور عاصم حسین پوسٹر اور پینا فلیکس پھاڑنے کی مذمت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ کے دہشت گردتین روز قبل ہتھیاروں کے زورپر اس علاقے کے صوبائی اسمبلی کے لئے مہاجر قومی موومنٹ کے امیدوار عاصم حسین کی الیکٹرونک کی دوکان پر اپنے انتخابی نشان کا بہت بڑاپینا فلیکس لگاکر چلے گئے اور اتارنے پر خطرناک نتائج کی دھمکیاں بھی دی۔

(جاری ہے)

اس واقع کی اطلاع متعلقہ تھانے کے انچارچ، DSP، RO اور الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر دی گئی اور اسے سرکاری عملے کے زریعے ہٹانے کی درخواست بھی کی RO کے ساتھ پولیس آئی بھی لیکن ROکے سامنے متحدہ کے پینا فلیکس کو ہاتھ لگانے سے منع کردیا جس کے بعد متحدہ کے دہشت گردوں کی سرکاری سرپرستی اور عام پولیس اہلکاروں اور سرکاری عملے میں انکے خوف کااندازہ لگانا مشکل نہیں۔

آفاق احمد نے کہا کہ ایک آمر نے چیف جسٹس پاکستان کو کراچی میں آنے سے روکنے کیلئے 12مئی کروایا تھا اور اسے اپنی طاقت مظاہرہ کہا تھا، آج اسہی طرح پھر سرکاری ادارے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے متحدہ کے دہشت گردوں کو جنہیں تمام عدالتی کارروائیوں کے بغیر رہا کروایا گیا تھا،انہیں کھلے عام اسلحہ لے کر دنداناتے پھرنے اور طاقت کے زریعے مطلوبہ انتخابی نتائج حاصل کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ دہشت گرودوں کی اسلحے کے ساتھ آزادانہ نقل و حرکت اور مخالفین کے ساتھ جارحانہ رویے سے لگتا ہے،متحدہ انتخابات میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے 12مئی دھرانے کی تیاری کی جارہی ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ آج کی عوام پہلے سے زیادہ باخبر ہے اور وہ دہشت گردوں اور انکے ہینڈلرز کو اچھی طرح جانتے ہیں اس لئے اب ماضی کی طرح12مئی پر خاموشی کی توقع غلطی ہوگی۔