پیپلزپارٹی نے پاکستان تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرادی

این اے 212 اور پی ایس 46 کے امیدوار سید ممتاز علی شاہ نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 جنوری 2024 19:40

پیپلزپارٹی نے پاکستان تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرادی
میرپور خاص ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری 2024ء ) پیپلزپارٹی نے پاکستان تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرادی ہے جہاں این اے 212 اور پی ایس 46 کے امیدوار سید ممتاز علی شاہ نے پی پی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میر پور خاص سے پی ٹی آئی کے این اے 212 اور پی ایس 46 کے امیدوار سید ممتاز علی شاہ نے پاکستان پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنماء فریال تالپور سے ملاقات کے بعد کیا، اس موقع پر انہوں نے پارٹی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے سندھ ے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 61 پر کھڑے ہونے والے امیدوار انور جتوئی پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے حق میں دستبردار ہوچکے ہیں، انور جتوئی پی ایس 61 سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار تھے جنہوں نے شرجیل میمن کے حق میں دستبردار ہونے اور پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کردیا، انور جتوئی نے ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے شرجیل میمن کی کامیابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح پی ٹی آئی کے ایک اور امیدوار محرم خان بھی پی پی امیدوار طارق شاہ جاموٹ کے حق میں دستبردار ہوگئے، محرم خان نے کہا کہ ’ہم پرکسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں اور خوشی سے پیپلز پارٹی امیدوار کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں‘، اس موقع پر سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن نے محرم خان اور انور جتوئی کے پیپلزپارٹی میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہا۔ اس کے علاوہ گزشتہ ہفتے تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی جویریہ ظفر بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہو چکی ہیں، جویریہ ظفر نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو سے ملاقات کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔