عام انتخابات 2024ء کیلئےاے این پی خیبرپختونخوا کی صوبہ بھر میں انتخابی مہم جاری

پیر 29 جنوری 2024 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2024ء) عام انتخابات 2024ء کےلئے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبہ بھر میں انتخابی مہم جاری ہے۔ پیر کو ضلع نوشہرہ، تحصیل پبی پی کے 89 پشتون گڑھی میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے فرمان علی پر جرگہ کیا۔ جرگہ قبول کرکے انہوں نے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے شمولیت کرنے والوں کو ٹوپیاں پہنائیں اور مبارکباد دی۔ اس موقع پر تحصیل صدر حاجی زر علی، عباس خان غازی، نعیم قادر، محمد حسین، ریاض انور اور دیگر تنظیمی ذمہ داران موجود تھے۔ قبل ازیں نامزد امیدوار پی کے 89 میاں افتخار حسین نے پی کے 89 محب بانڈہ میں انتخابی جلسے میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں حلقہ پی کے 9 شلہند میں کارنر میٹنگ کے دوران مختلف افراد نے عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری و نامزد امیدوار این اے 4 ڈاکٹر محمد سلیم خان، مرکزی جائنٹ سیکرٹری خان نواب، صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری رحمت علی خان، امیدوار پی کے 9 ممتاز علی خان اور دیگر ذمہ داران سمیت کثیر تعداد میں کارکنان موجود تھے۔

چارسدہ کے علاقے دوآبہ (پی کے 65) میں عوامی نیشنل پارٹی کا انتخابی جلسہ ہوا۔ جلسہ میں صوبائی صدر و امیدوار این اے 25 ایمل ولی خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ جلسہ میں امیدوار پی کے 65 شہزادالدین اور رکن مرکزی کمیٹی سید معصوم شاہ باچا سمیت دیگر ذمہ داران و کارکنان نے شرکت کی۔ پی کے 52 صوابی، یارحسین میں بھی عوامی نیشنل پارٹی کے زیراہتمام انتخابی جلسہ منعقد ہوا۔

جلسہ سے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر و نامزد امیدوار این اے 22، پی کے 58 مردان امیرحیدرخان ہوتی نے خطاب کیا اور پارٹی منشور پر روشنی ڈالی۔ پشاور کے علاقے سلیمان خیل میں انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ میں شرکاء نے عوامی نیشنل پارٹی کے نامزد امیدواران کی بھرپور کامیابی کا عزم کیا۔ کارنر میٹنگ میں صوبائی سینئر نائب صدر و امیدوار پی کے 76 خوشدل خان ایڈووکیٹ، تحصیل صدر امجدنواز درانی، رکن صوبائی کونسل غضنفر علی خان، سابق تحصیل صدر غلام حسن، چیئرمین عزیز احمد، فلک نیاز خان،کلیم ظاہر اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی جائنٹ سیکرٹری و امیدوار پی کے 40 (مانسہرہ) ڈاکٹر شاہین ضمیر نے ٹانڈہ بجنہ کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم کے سلسلے میں لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔