جنوبی پنجاب صوبہ وقت کی ضرورت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجیح ہے،مخدوم سید مرتضیٰ محمود

منگل 30 جنوری 2024 18:27

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2024ء) سابق وفاقی وزیر و امیدوار قومی اسمبلی این اے 169 مخدوم سید مرتضیٰ محمود نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ وقت کی ضرورت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجیح ہے وسیب کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیئے پبلک سروس کا الگ کوٹہ مختص کرانا اور لیاقت پور کو ضلع کادرجہ دلانا ہمارے انتخابی منشور کا حصہ ہے۔

پریس کلب (ر) لیاقت پور کے پروگرام "الیکشن فورم" میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحصیل لیاقت پور کے لوگوں کو صحت اور تعلیم کی سہولتیں ان کی دہلیز پر دی جائیں گی، سپورٹس کمپلیکس تعمیر ہوں گے تاکہ نوجوان نسل ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط ہو سکے۔ چنی گوٹھ تا رحیم یارخان شاہی روڈ ون وے کرانے، رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت، پینے کے صاف پانی اور سوئی گیس کے مسائل کے حل کی جدوجہد کی جائے مخدوم مرتضیٰ محمود نے کہا کہ وہ لیاقت پور میں ایک نئی سیاست کا آغاز کریں گے، حلقہ میں خوف کی فضا ختم، چادر اور چار دیواری کے تقدس کی حفاظت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ مخالفین کے الزامات کا جواب نہیں دینا چاہتے کیونکہ ان کی تربیت میں کسی پر الزام تراشی یا بدکلامی کرنا شامل نہیں تاہم جنہوں نے دو ماہ میں چار جماعتیں تبدیل کیں وہ کسی پر تنقید کرتے اچھے نہیں لگتے۔\378