سپریم کور ٹ نے طاہر صادق کے کاغذات نامزدگی منظوری کا تحریری فیصلہ جاری کردیا

منگل 30 جنوری 2024 21:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2024ء) سپریم کور ٹ نے طاہر صادق کے کاغذات نامزدگی منظوری کا تحریری فیصلہ جاری کردیاہے۔جس میں سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے طاہر صادق کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی،عدالت نے طاہر صادق کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل منظور کرلی۔جبکہ فیصلہ دینے والے ریٹرننگ آفسیرکوانتخابات کے بعدطلب کرتے ہوئے ان سے تمام ترمعاملات پر جواب لیاجائیگا۔

جسٹس منصورعلی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی پیر کے روزسماعت کی تھی ،طاہر صادق کے خلاف اعتراض کرنے والااپنے اعتراض سے لاعلم نکلا،اور دوران سماعت اعتراض کنندہ نے کہاکہ مجھے تو معلوم ہی نہیں کہ میری جانب سے کوئی اعتراض دائر ہوا ہے،جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے اعتراض ہی نہیں کیا توکاغذات کیسے مسترد ہو گئی عدالت نے متعلقہ ریٹرننگ افسر کو انتخاب کے بعد طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں کہاگیاہے کہ اشتہاری کو انتخابات لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا، اشتہاری ہونے کا تعلق ملزم کے متعلقہ کیس کی حد تک ہوتا ہے، اشتہاری ہونے کا تعلق ملزم کے کسی دوسرے کیس یا معاملے سے نہیں جوڑا جا سکتا، جمہوری نظام میں عوام ووٹ کے ذریعے اپنی نمائندوں پر مشتمل حکومت بناتے ہیں، آئین میں ایسی کوئی پابندی نہیں کہ اشہاری یا مفرور کو الیکشن لڑنے سے روکا جا سکے، انتخابات میں صرف امیدواروں کے نہیں بلکہ عوام کے حقوق بھی شامل ہوتے ہیں، عدالتیں بنیادی حقوق اور جمہوریت کی محافظ ہیں، عدالتوں کو انتخابی معاملے اس نظر سے مداخلت کرنی چاہیے کہ جمہوری اصول کی بالادستی قائم رہے، جمہوری معاشرے کی روح اپنی پسند کے امیدوار کو آزادی سے ووٹ دینا ہے، عوام کی رائے پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، انتخابی عمل اور ووٹنگ کے ذریعے ہی عوام جمہوری عمل میں شریک ہوتی ہے، انتخابی عمل میں آزادی سے شرکت کسی بھی معاشرے میں سب سے بڑا بنیادی حق ہے، امیدواروں کی اہلیت اور نااہلی کا معیار انتخابی عمل کو موثر بنانے کیلئے ہے، طاہر صادق کے اعتراض کنندہ سے پوچھا کہ اشتہاری ہونے کا کیسے علم ہوا، اعتراض کنندہ نے کہا انہیں کسی دوست نے بتایا تھا کہ طاہر صادق اشتہاری ہیں، الیکشن کمیشن حکام طاہر صادق کے اشتہاری ہونے کی ستاویز نہ دکھا سکے، الیکشن کمیشن این اے 49 اٹک سے طاہر صادق کا نام بیلٹ پیپر میں شامل کرے۔