ملک کے بالائی علا قوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان

منگل 30 جنوری 2024 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2024ء) ملک کے بالائی علا قوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، برفباری کے باعث ان علاقوں میں آمدورفت متاثر ہونے کے خدشہ کے پیش سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل بدھ کے روز گلگت بلتستان ، بالائی خیبر پختونخوا ،خطہ پوٹھوہار ، اسلام آباد،شمال مشرقی پنجاب، کشمیراور ملحقہ پہاڑی علا قوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم سرد رہے گا ۔ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض میدانی علا قوں میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہے گی۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرداور مطلع جزوی ابر آلود رہا جبکہ خیبر پختونخوا ، کشمیر ، خطہ پوٹھوہار اور گلگت بلتستان میں بارش ہوئی ۔

(جاری ہے)

پنجاب اور بالا ئی سندھ کے بعض میدانی علاقے دھند /سمو گ کی لپیٹ میں رہے۔

سب سے زیادہ بارش کشمیر میں مظفرآباد (سٹی 10 اور ایئرپورٹ 05)، گڑھی دوپٹہ 04، کوٹلی 01، خیبر پختونخوا میں بالاکوٹ، مالم جبہ، پتن 04، کاکول 03، سیدو شریف 02، بلوچستان میں کوئٹہ سمنگلی 02،گلگت بلتستان میں گوپس میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اس دوران مالم جبہ میں 02 انچ برفباری بھی ریکارڈ ہوئی۔ منگل کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ، کالام منفی 07، گوپس منفی05 ، سکردو منفی04 اورراولاکوٹ میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔