منتخب ہو کر پینے کے صاف پانی اور سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل کروائینگے،تسنیم احمد قریشی

بدھ 31 جنوری 2024 15:08

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2024ء) سرگودھا کے حلقہ این اے 84 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوارتسنیم احمد قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں بجلی‘ گیس کیساتھ ساتھ شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے بہت سے منصوبے مکمل کروائے ہیں اگر اللہ تعالیٰ نے کامیابی دی تو سرگودھا میں پینے کا صاف پانی اور سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل کروائینگے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان پیپلز لیبر بیورو کے ڈویژنل صدر چوہدری عابد حسین ہنجراء‘ عبداللہ حسین ہنجراء کی جانب سے منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 8فروری کو کامیاب ہوکر حلقہ کی ترقی کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائینگے۔تسنیم احمد قریشی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عام انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کرے گی اس موقع پر عابد اور عبداللہ حسین ہنجراءنے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تسنیم احمد قریشی اور جاوید کمبوہ سمیت پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کروایا تو وہ سرگودھا کے باسیوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔